حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یہ علمی و فکری نشست جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ پاکستان کے شعبۂ تحقیق، الزہراء کالج، بنت الہدیٰ اور مشعلِ نور کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی۔
نشست کا منفرد انداز سوال و جواب پر مشتمل تھا، جس میں ہر اسکالر نے علامہ طباطبائی (رہ) کے افکار اور تفسیر المیزان کی روشنی میں مختلف سوالات کے جوابات پیش کیے۔
نشست کے آغاز میں الزہراء کالج سکردو کی ڈائریکٹر محترمہ لیلیٰ گل نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا: عورت کا مقام، اس کے حقوق، انسانی کرامت اور خاندان و معاشرے میں اس کا کردار ایسے اہم موضوعات ہیں جنہیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے نشست کے موضوعات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: گفتگو کے دوران اسلام میں خواتین کے حقوق، انسانی کرامت، خاندانی و معاشرتی مقام، اقتدار و حکمرانی اور اجتماعی فیصلہ سازی میں خواتین کے کردار کے علاوہ خواتین کی خودمختاری، شرعی حقوق اور سماجی و دینی ذمہ داریوں سے متعلق فقہی مباحث کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نشست خواتین کے مقام و مرتبے سے متعلق فکری ابہام دور کرنے اور اسلامی نقطۂ نظر کو بہتر انداز میں سمجھنے میں معاون ثابت ہوگی۔
محترمہ نرجس حسینی نے ’’خواتین کی خودمختاری، شرعی حقوق اور سماجی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: اسلام نے عورت کو ایک مستقل، باوقار اور صاحبِ حقوق انسانی شخصیت تسلیم کیا ہے۔ قرآن مجید کی روشنی میں فضیلت کا معیار جنس نہیں بلکہ ایمان، تقویٰ اور عمل صالح ہے۔
انہوں نے علامہ طباطبائی (رہ) کے تفسیری افکار کی روشنی میں خواتین کی معاشی خودمختاری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: اسلام نے عورت کو وراثت، مہر، ذاتی ملکیت، کاروبار اور اپنی آمدنی پر تصرف کا حق دیا ہے۔ مرد کی معاشی کفالت کی ذمہ داری عورت کی معاشی خودمختاری کی نفی نہیں کرتی۔

محترمہ نرجس حسینی نے قرآن مجید میں ملکہ سبا کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین کی سیاسی و انتظامی صلاحیتوں اور فیصلہ سازی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم نے انسانی فضیلت کا معیار تقویٰ قرار دیا اور مرد و عورت دونوں کو اجتماعی اصلاح کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے نے مزید کہا: جدید مسلمان عورت کے لیے اپنی دینی شناخت برقرار رکھتے ہوئے علم، تحقیق، تعلیم، انتظام، معاشی سرگرمیوں اور سماجی اصلاح کے میدانوں میں فعال کردار ادا کرنا ضروری ہے۔ حضرت فاطمہ زہراؑ کی علمی بصیرت اور حضرت زینبؑ کی فکری استقامت خواتین کے لیے بہترین عملی نمونے ہیں۔
محترمہ نرجس حسینی واضح کیا کہ عورت کو بااختیار بنانے کے لیے اسے دینی شناخت سے دور کرنے کے بجائے صحیح دینی معرفت، علمی شعور، اپنے حقوق سے آگاہی اور عملی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلامک اسکالر نجمہ کریمی نے ’’علامہ طباطبائی (رہ) کی نظر میں اسلام میں عورت کا مقام اور انسانی کرامت‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: اسلام میں عورت کی عزت و فضیلت کا معیار اس کی جنس یا خاندانی حیثیت نہیں بلکہ ایمان، تقویٰ، کردار اور عمل ہے۔ مرد اور عورت دونوں روحانی کمال، معرفتِ الٰہی اور قربِ خداوندی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا: عورت محض ماں، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سے ہی قابل احترام نہیں بلکہ ایک مستقل انسانی، اخلاقی، قانونی اور سماجی تشخص کی حامل ہے۔ حضرت ہاجرہؑ، حضرت مریمؑ، حضرت آسیہؑ، حضرت خدیجہؑ، حضرت فاطمہ زہراؑ اور حضرت زینبؑ کی زندگیوں سے خواتین کے علمی، دعوتی، قیادی اور اصلاحی کردار کی متعدد مثالیں ملتی ہیں۔
محترمہ نجمہ کریمی نے ازدواجی حقوق کے حوالے سے نکاح کو باہمی معاہدہ قرار دیتے ہوئے طلاق، خلع، تفویضِ طلاق اور نکاح کے وقت عورت کی جانب سے جائز شرائط رکھنے کے اختیار پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا: عورت کی رضامندی، قانونی تحفظ اور ازدواجی خودمختاری کا احترام ایک عادلانہ خاندانی نظام کی بنیاد ہے۔
انہوں نے دوسری شادی کے سماجی اور جذباتی اثرات، خاندان میں مرد و عورت کی مشترکہ ذمہ داریوں اور مذہبی اجتماعات میں خواتین کی باوقار شرکت کے لیے مناسب انتظامات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ ایامِ مخصوص کے دوران خواتین کی روحانی وابستگی اور عبادت کے متبادل جائز طریقوں سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلامک اسکالر زرینہ تبسم نے ’’اسلام اور تعددِ ازدواج‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ طباطبائی (رہ) کے تفسیری نظریات کی روشنی میں تعددِ ازدواج کی شرائط اور عدل و انصاف کی اہمیت بیان کی۔
محترمہ نجمہ کریمی نے کہا: اسلام نے مرد کو مخصوص شرائط کے ساتھ ایک سے زیادہ نکاح کی اجازت دی ہے، تاہم اس اجازت کی بنیادی شرط عدل و انصاف ہے۔ اگر کسی مرد کو اندیشہ ہو کہ وہ متعدد بیویوں کے درمیان انصاف نہیں کر سکے گا تو اسے ایک ہی نکاح پر اکتفا کرنا چاہیے۔
انہوں نے تفسیر المیزان کی روشنی میں عدل کی دو جہتوں، یعنی قلبی اور عملی انصاف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: محبت اور قلبی رجحان میں مکمل مساوات انسان کے اختیار میں نہیں لیکن نان و نفقہ، رہائش، ازدواجی حقوق اور دیگر واجبات کی ادائیگی میں انصاف کرنا مرد کی ذمہ داری ہے۔
زرینہ تبسم نے سورۂ نساء کی آیات 3 اور 129 کے باہمی مفہوم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: تعددِ ازدواج کے لیے مطلوب عدل سے مراد وہ عملی اور حقوقی انصاف ہے جو انسان کے اختیار میں ہے، جبکہ قلبی محبت میں مکمل مساوات ممکن نہیں۔ تاہم قلبی میلان کی بنیاد پر کسی ایک بیوی کو اس طرح نظرانداز کرنا بھی جائز نہیں کہ اس کے حقوق متاثر ہوں۔
انہوں نے مزید کہا: علامہ طباطبائی (رہ) کے تفسیری نظریے کے مطابق اسلام نے تعددِ ازدواج کو عدل و انصاف سے مشروط کیا ہے اور اس کا بنیادی تقاضا خواتین کے حقوق، عزت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
نشست میں مجموعی طور پر اس امر پر زور دیا گیا کہ اسلام عورت کو ایک مکمل انسانی شخصیت، صاحبِ کرامت اور معاشرے کا مؤثر رکن تسلیم کرتا ہے۔ خواتین کی علمی، اخلاقی، روحانی اور سماجی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنے کردار کی ادائیگی کے لیے مناسب مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔










آپ کا تبصرہ