۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت الله سبحانی
آیت اللہ العظمی جعفر سبحانی

حوزہ / آیت اللہ العظمی جعفر سبحانی نے کہا: ایک طالب علم کو ہر روز کم از کم 8 گھنٹے علمی کام کرنا چاہئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ سبحانی نے مشہد مقدس میں ’’افکار اسلامی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ  درس میں دینی طلاب کو نصیحتیں کیں۔

انہوں نے کہا: طلاب جب دینی مدرسے میں داخل ہوں تو سب سے پہلے انہیں اپنا ہدف مشخص کرنا چاہئے کیونکہ ہدف کا تعین انسان کو کام پر مجبور کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اگر ایک طالب علم کا ہدف یہ ہو کہ وہ اپنی اور دوسروں کی رہنمائی کرے تو اسے اس کام کے لئے سرمایہ بھی فراہم کرنا چاہئے کیونکہ انسان سرمائے کے بغیر کوئی کام صحیح طرح انجام نہیں دے سکتا اور ایک طالب علم  اچھی طرح علم حاصل کرکے ہی سرمایہ حاصل کرسکتا ہے۔

آیت اللہ العظمی جعفر سبحانی نے طلاب کو خطاب کرکے کہا: واجبات اور مستحبات انجام دینے کے بعد درس پڑھنے میں مشغول ہوجائیں۔  پڑھیں، لکھیں اور درسی مطالب کو اچھی طرح حفظ کریں کیونکہ اس سے انسان کی یاداشت مضبوط ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا: آج کے دور میں علم کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ اور آفت موبائل کا حد سے زیادہ استعمال ہے کیونکہ موبائل کا کثرت سے استعمال انسان کو علم حاصل کرنے سے دور کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا: میں نے 65 سال قبل نجف میں امام خمینی(رہ) سے جب وہ گرمیوں میں شہر محلات تشریف لے گئے تھے، پوچھا کہ وہاں آپ کیا کرتے ہیں؟  تو انہوں نے فرمایا: صبح  6بجے سے صحن میں چٹائی بچھا کر ۱۲ بجے تک مطالعہ کرتا ہوں۔

انہوں نے دشمن کی ثقافتی یلغار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج دشمن سے ہماری ثقافتی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا: نظام کی حفاظت کے لئے طلاب کو علم کے اسلحہ سے لیس ہونا چاہیئے کیونکہ اس وقت تشیع کے خلاف ۴۰ سے زیادہ چینلز کام کر رہے ہیں۔ ہمیں علم و دانش کے ذریعہ ان کے شبہات کے جوابات دینے ہوں گے۔

انہوں نے کہا: ایک طالب علم کو ہر روز کم از کم ۸ گھنٹے علمی فعالیت انجام دینی چاہی۔

 انہوں نے کہا: طلاب کو اخلاقی مسائل کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے اور اپنا محاسبہ کرنا چاہئے کہ اس سے طلاب میں ایک خاص قسم کی نورانیت پیدا ہوتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .