۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان اس وقت صرف تقسیم ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف صف آرا بھی ہیں۔یہود و نصاری کا اولین ہدف امت مسلمہ کو زندگی کے ہر شعبے میں تنزلی کا شکار کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامع مسجد رسول اعظم، ہنگو میں ”سیرت النبی ؑ و اتحاد امت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت عالم اسلام کے لیے سب سے بڑا فتنہ نفاق بین المسلمین ہے جس کی بنیاد علم و آگہی کی بجائے شرانگیزی و انتشار پر رکھی گئی ہے۔امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے مدمقابل لانے والی طاغوتی قوتیں اپنے شیطانی مقاصد کے حصول کے لیے پوری طرح سرگرم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  دنیا بھر کے مسلمان اس وقت صرف تقسیم ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف صف آرا بھی ہیں۔یہود و نصاری کا اولین ہدف امت مسلمہ کو زندگی کے ہر شعبے میں تنزلی کا شکار کرنا ہے۔متعدد اسلامی ممالک اسلام دشمن طاقتوں کے آلہ کار بن کر  شیطانی  ایجنڈے کی راہ ہموارکرتے آئے  ہیں۔ان باطل قوتوں کو شکست دینے کے لیے واحد ہتھیار ”اتحاد امت“ ہے۔دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو کر اسلام کا مضبوط دفاع بن سکتے ہیں۔

سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ دین اسلام محبت و اخوت کا مذہب ہے جس میں عصبیت کی قطعی گنجائش نہیں۔جو لوگ مسلک کے نام پر نفرت و انتشار کا بازار گرم رکھنا چاہتے ہیں وہ اسلام کے دشمن ہیں انہیں خیر خواہ نہیں کہا جا سکتا۔تمام مکاتب فکر اپنی صفوں سے ایسے لوگوں کو دور رکھیں۔اتحاد امت دور حاضر کی اولین ضرورت ہے۔ جس کے فروغ کے لیے علما و مشائخ اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی قوم کی فکری و شعوری تربیت کریں۔امت مسلمہ کی بیداری دشمنوں کے ناپاک عزائم کی موت ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت کا مقصددین اسلام کی بالادستی اور کفر کو سرنگوں کرنا تھا۔اسلام کی سربلندی کے لیے  سیرت نبوی کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کر کے پوری امت تباہ حالی سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ شبیر بخاری اور علامہ غلام حُر شبیری نے بھی شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .