حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چہلم امام حسین علیہ السلام پر عراق جانے والے زائرین امام حسین علیہ السلام کو درپیش مشکلات پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا فوری نوٹس۔ایم ڈبلیوایم کی جانب سے عراقی او رپاکستانی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے فوری رابطہ کرلیاگیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے عراقی حکومت کے نام مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستانی زائرین امام حسین علیہ السلام کو ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ادھر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امورخارجہ نے نجف اشرف میں آیت اللہ حافظ بشیر نجفی صاحب کے دفتر سے رابطہ کیا اور پاکستان میں زائرین کو عراق کے ویزوں کے حصول میں مشکلات سے آگاہ کیا اور دفتر آیت اللہ بشیر نجفی سے اس معاملے میں کردار ادا کرنے کی گذارش کی۔
اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ سیاسیات نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ذولفی بخاری سمیت دیگر شخصیات سےبھی رابطہ قائم کرلیاہے اور ان سے عراقی ویزوں میں زائرین کو درپیش مشکلات پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔
معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان ذولفی بخاری نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس ایشو پر فوری اقدامات کریں گے تاکہ زائرین کے مسائل بروقت حل ہوں۔
رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران زائرین کے مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ اور امید ہے کہ زائرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔