حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین پر اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت ساری دنیا کے امن کو تہس نہس کر کے رکھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم میں مسلسل اضافہ پریشان کن ہے۔اسرائیل کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ فلسطین کا مسئلہ محض زمینی تنازع نہیں بلکہ یہ نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے۔اسرائیلی بربریت پر اقوام عالم کی دانستہ چشم پوشی عالمی امن کو ناقابل تلافی نقصان کی طرف دھکیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ایک انتہائی المناک سانحہ ہے۔اسرائیلی مظالم پر امت مسلمہ کی مجرمانہ خاموشی زخمی سینوں پر تیر چلانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر اور یمن سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو بدترین انتقامی کاروائیوں کا سامنا ہے۔ عالم اسلام کی خاموشی نے دشمنوں کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہیں۔امت مسلمہ کو اپنی بقا کے لیے ان مظالم کے خلاف آواز بلندکرنا ہو گی۔یہود و نصاریٰ قرآن کے مطابق مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیںجانے دیتے۔ باوقار زندگی گزارنے کے اصول اورحالات کا تقاضہ یہ ہے کہ دشمن کو اسی کے لہجے میں جواب دیا جائے۔ امت مسلمہ نے اگر یہ بے حسی ترک نہ کی تو پھر سنگین نتائج کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔