حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے مصلائے حرم حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی تا اطلاع ثانوی نماز جمعہ کا انعقاد نہیں ہوگا۔ اس لیے شام میں نمائندہ ولی فقیہ نے ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ماہ شعبان کے فضائل بیان کئے اور اس ماہ کی عیدوں کی مناسبت سے دنیا بھر کے شیعوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے ماہ شعبان کی فضیلت میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شعبان کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: اس مہینے میں زیادہ استغفار کرنا چاہیے اور روزے رکھنے چاہئیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین طباطبائی نے کہا: اس پر فضیلت مہینہ میں انحراف کے رستہ کو ترک کر کےحق اور خدا کی بندگی کی طرف لوٹ آنا چاہیئے کیونکہ خدا کا قرب حاصل کرنے کے لیے یہ سنہرا موقع ہے۔
شام میں نمائندہ ولی فقیہ نے اس مہینہ میں حضرت سید الشہداء، حضرت عباس، حضرت سجاد(علیھم السلام) اور حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ شریف کی میلاد کی مناسبت سے تمام شیعیان اہلبیت علیھم السلام کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ اس عظیم مہینے کی برکت سے امت اسلامی سے مصیبتیں اور سختیاں دور ہوجائیں گی۔