حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی سپریم اسمبلی عراق نے موصل کی داعش کے دہشت گرد گروہوں سے آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مرجعیت اور اجتہاد نے عراقیوں کی جانوں میں جاں نثاری اور قربانی کا جذبہ پیدا کردیا.
مجلس اعلائے اسلامی عراق نے اپنے ایک بیان میں لکھا ہے کہ فخر وعزت کے ساتھ ، ہماری قوم آج موصل کی آزادی کی سالگرہ منا رہی ہے اور ہم سب شہدا کے خون ، سیکیورٹی فورسز کی بہادری ، حشد الشعبی اور عوام کی حمایت خصوصی طور پر موکب حسینی کے بانیوں کا احترام کرتے ہیں۔
جاری شدہ بیان میں مزید لکھا ہے کہ جب ہم فتح کا جشن مناتے ہیں تو ، ہم سب سے پہلے آیت اللہ العظمی سیستانی کے احترام میں پورے صدق دل سے کھڑے ہوتے ہیں ۔ کیونکہ یہ فتح و کامرانی ان کے جہاد کفائی کے فتوے کا نتیجہ ہے. آیت اللہ العظمی سیستانی کا جہاد سے متعلق فتویٰ ہماری قوم کے تمام طبقات کے اتحاد کا بنیادی محور تھا اور اس فتویٰ نے عراقی عوام کی جانوں میں ہمت اور قربانی کا جذبہ پیدا کیا اور دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا ۔
مجلس اعلائے اسلامی نے داعش کے دہشت گرد گروہوں ، کے خلاف جنگ میں عراق کے ساتھ کھڑے ہونے والے تمام ممالک ، خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم پوری دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عراق داعش کے ساتھ جنگ میں کامیابی کے ساتھ باہر آ گیا ہے اور آج عراق پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور صدام کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپنی نسلوں کے مستقبل کی تعمیر اور سیاسی عمل کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔
عراق کی اسلامی سپریم اسمبلی نے شہید سردار جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس جنھیں ظالم اور آمرانہ عالمی طاقتوں نے بغداد میں شہید کیا تھا ، کا تذکرہ کیا اور اللہ تعالٰی سے انکی ارواح طیبہ کی بلندی درجات کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اکیسویں صدی کی سب سے بڑی فتح حاصل کرنے میں ان کا بہادر کردار تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی.
آپ کا تبصرہ