حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ/ بین الاقوامی علما اور جید دینی شخصیات نے عرب ممالک کےاسرائیل کے ساتھ تعلقات کو عالم اسلام اور قضیہ فلسطین کے ساتھ غداری قرار دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بین الاقوامی علما کونسل کی فلسطینی شاخ کے زیراہتمام علما کی ایک ورچوئل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے عرب ممالک اور دوسرے ملکوں سے بڑی تعداد میں ممتاز علمائے کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
'اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانا جرم’ کے عنوان سے منعقدہ اس ورچوئل کانفرنس سے خطاب میں علما نے کہا کہ تاریخ میں غیرمسلموںکے ساتھ معاہدے صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کے لیے جواز نہیں بن سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا جرم عظیم اور فلسطینی قوم کے حقوق سے انحراف ہے، مسلمانوں کے بجائے ایک مسلمان دشمن غاصب طاقت کے مفادات کا دفاع کرنا مسلمانوں کے ساتھ کھلم کھلا غداری تصور کی جائے گی۔
کانفرنس کا آغاز فلسطینی عالم دین ڈاکٹر عبدالرحمان جمل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ کانفرنس سے بین الاقوامی علما کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی قرہ داغی، فلسطین علما رابطہ بورڈ کے چیئرمین عبدالسمیع ورقہ اور دیگر علما نے خطاب کیا۔