۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
ناصر شیرازی

حوزہ/ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ کچھ قوتوں نے ڈالر اور ریال کے زور پر ملک میں فرقہ وارانہ فضا پیدا کرنے کی کوشش کی، جسے اہل تشیع اور اہل سنت نے دانش و بصیرت سے ناکام بنایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے وفاقی دارالحکومت میں اربعین کے جلوس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی یوم اربعین کا دنیا بھر میں آغاز ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم اربعین امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام سے عقیدت و عشق کے اظہار کا دن ہے، کچھ قوتوں نے ڈالر اور ریال کے زور پر ملک میں فرقہ وارانہ فضا پیدا کرنے کی کوشش کی، جسے اہل تشیع اور اہل سنت نے دانش و بصیرت سے ناکام بنایا، نواسہ رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے شرسار کروڑوں افراد کے دنیا بھر میں اجتماع اس حقیقت کا عکاس ہے کہ مذہبی منافرت یا تعصب عقیدت کا سامنا نہیں کرسکتے، ذاتی منفعت یا تعصب کی بنیاد پر ہونے والا احتجاج بے وقعت اور محض وقت کا ضیاع ہے۔

انکا کہنا تھا کہ آج حسینیوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر حسینی طاقت و ولولے کا والہانہ اظہار ہے، دنیا نے یہ ثابت کر دیا کہ اس وقت سرزمین اسلام پر صرف دوہی گروہ آباد ہیں، ایک حسینی اور دوسرے یزیدی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے پیدل آنے والے عزاداروں کی سہولت کے لیے راستوں میں موکب اور کیمپ لگائے گئے ہیں، تاکہ انہیں کھانے پینے کی سہولت مل سکے، بعض علاقوں میں موکب اور کیمپ لگانے والے افراد کو انتظامیہ کی طرف سے تنگ کرنے کی بھی اطلاعات آئی ہیں، تمام صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ُپرامن ملت تشیع کے خلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی ناقابل قبول ہے، عزاداری ہماری عبادت ہے جس میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آخر میں کہا آج کے اجتماع میں موجود شیعہ سنی افراد نے اپنی وحدت و اخوت کو دنیا بھر پر واضح کر دیا ہے۔
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .