حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کے روز شہید ہونے والے ایران کے ممتاز ایٹمی سائنسداں شہید محسن فخری زادہ کی آج تشییع جنازہ کی گئی۔
کورونا کے پیش نظر تشییع جنازہ عوام کی شرکت کے بغیر خاص پروٹوکول کے ساتھ محدود پیمانے پر وزارت دفاع میں انجام پائی۔
تشییع کے بعد شہید محسن فخری زادہ کو تہران میں واقع امام زادہ حضرت صالح علیہ السلام کے جوار میں سپرد لحد کر دیا گیا۔
شہید محسن فخری زادہ کی نماز جنازہ میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل باقری، وزیر دفاع جنرل حاتمی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی ، ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی ، نائب وزیر دفاع جنرل قاسم تقی زادہ اور بعض دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس سے قبل شہید محسن فخری زادہ کے پیکر پاک کو مشہد مقدس میں حرم رضوی ، قم میں حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ (س) اور تہران میں حرم مطہر حضرت امام خمینی(رح) کا طواف کرایا گیا ۔