جمعہ 11 دسمبر 2020 - 21:40
آیت اللہ یزدی کی رحلت ملت اسلامیہ کا ناقابل تلافی نقصان ہے، مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ لکھنؤ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ آیت اللہ شیخ محمد یزدی نے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے لئے امام خمینی ؒ کے ساتھ جدوجہد کی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ان کے علمی آثار شاہکار کی حیثیت رکھتے ہیں جو انہیں ابد آباد تک ہمارے درمیان زندہ رکھیں گے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے معروف عالم دین اور جامعہ مدرسین قم کے سربراہ آیت اللہ شیخ محمدیزدی کے انتقال پر مجلس علمائے ہند کے تمام اراکین نے اظہار رنج و غم کرتے ہوئے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ شریف، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی اور ملت مسلمہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔

مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ لکھنؤ  مولانا سید کلب جواد نقوی نے آیت اللہ شیخ محمد یزدی کی رحلت کو امت مسلمہ کاناقابل تلافی نقصان قراردیتے ہوئے کہاکہ آیت اللہ شیخ محمد یزدی کی زندگی علم و عمل کا جیتا جاگتا نمونہ تھی ۔انہوں نے اپنی پوری زندگی  انقلاب اسلامی کی ترقی اور علوم آل محمدؑ کی خدمت کے لئے وقف کردی تھی ۔آیت اللہ یزدی ایران میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے اورہمیشہ باوقار انداز میںملک و قوم کی خدمت فرماتے رہے ۔مرحوم امام خمینیؒ کے شاگرد تھے اور آخر دم تک انہی کے نقش قدم پر چلتے رہے ۔انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے لئے امام خمینی ؒ کے ساتھ جدوجہد کی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ان کے علمی آثار شاہکار کی حیثیت رکھتے ہیں جو انہیں ابد آباد تک ہمارے درمیان زندہ رکھیں گے ۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ ہم آیت اللہ شیخ محمد یزدی کے انتقال پر ملال کے موقع پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ الشریف،رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای ،طلاب حوزہ ہائے علمیہ ،اور امت مسلمہ کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .