۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
علامہ اقتدار نقوی

حوزہ/ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں اور نفرت انگیز رویوں نے قوم کو ایک مرتبہ پھر بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ قومی المیہ تھا، جس نے پاکستان کو دولخت کیا، یہ رستا ہوا قومی زخم ہے، مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں اور نفرت انگیز رویوں نے قوم کو ایک مرتبہ پھر بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ احساس محرومی کو ختم کیا جائے۔ انتشار، نفرت اور انتقامی سیاست کو بند ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک دہراہے پر کھڑا ہے، سانحہ اے پی ایس کا زخم آج بھی تازہ ہے، دہشت گردی کی عفریت کو جب تک جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا نہیں جائے گا، اس وقت تک ملک و قوم محفوظ نہیں ہوسکتے۔ قوم نے نام نہاد امریکی جنگ میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کیا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ سقوط ڈھاکہ اے پی ایس اور دیگر سانحات سے سبق سیکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی کے متنازعہ خطاب سے زندہ دلانِ لاہور کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ تحریک پاکستان میں اہل لاہور اور اہل پنجاب نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے، فی الفور واپس لیا جائے۔ ایک طرف حکمرانوں کی کارکردگی پٹرولیم بحران رپورٹ نے پوری قوم کے سامنے عیاں کر دی ہے جبکہ دوسری جانب بڑی ڈھٹائی کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوامی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ المیہ ہے کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، تبدیلی عوام کے لیے عذاب سے کم نہیں، کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص آسودہ حال نہیں۔ عوام پریشان اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .