حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی رسہ کشی میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے،کورونا کی آڑ میں مدارس کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، استعفوں اورNRO کا کھیل ختم کر کے عوام کے مسائل پر توجہ دی جائے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے جس کا اقوام عالم کو فوری نوٹس لینا چاہئے، کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت میں ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، حکومت ہندوستان کو دندان شکن جواب دے تاکہ مودی کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں۔
ان خیالات کا اطہار جے یو پی حیدرآباد کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے، اداروں کی ناقص کارکردگی کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے، بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور حیدرآباد میں پیغام مصطفےٰ مہم کے ذریعہ حیدرآباد کے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو JUP میں شمولیت کی دعوت دینے کیلئے مساجد کے باہر اسٹال لگا کر رابطہ مہم چلانے سمیت 26دسمبر کو رکن الاسلام میں علماء مشائخ کنونشن منعقد کرنے، یکم جنوری کو جامع مسجد غوثیہ رضویہ میں ناموس رسالت کانفرنس کے انعقاد، 4 جنوری کو یوم جرات و بہادری کے سلسلے میں ممتاز حسین قادری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں عظمت مصطفےٰ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔