۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
India rejects Muslim bloc's stand on Jammu and Kashmir

حوزہ/محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے قیام کے لئے بات چیت کا ہونا ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو قبرستان والا امن نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام ایجنسیاں لوگوں کے پیچھے لگا دی گئی ہیں اور جو کوئی بات کرتا ہے اس کو گرفتار کیا جاتا ہے اور ڈرایا و دھمکایا جاتا ہے۔

محبوبہ مفتی نے یہ باتیں پیر کے روز راجوری میں پارٹی کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر میں بڑے عجیب قسم کے حالات بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ جب سے ہم نے یہاں دفعہ 370 ہٹایا یہاں امن قائم ہوا ہے۔ امن قبرستان میں بھی ہوتا ہے۔ ہمیں وہ والا امن نہیں چاہیے۔'

انہوں نے کہا: 'آپ (مودی حکومت) کے ملک میں جتنی بھی ایجنسیاں ہیں ان کو آپ نے لوگوں کے پیچھے لگا دیا ہے۔ کوئی بات کرتا ہے تو اس کو پکڑا جاتا ہے۔ اس کو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے۔ یہ تو نہیں چلے گا'۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے قیام کے لئے بات چیت کا ہونا ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'واجپئی کے وقت میں نہ صرف پاکستان بلکہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے بھی بات چیت ہوئی تھی۔ سرحدوں پر جنگ بندی ہوئی تھی۔ حریت والوں سے بات چیت ہوئی تھی۔ لیکن آج جب ہم دیکھتے ہیں تو ماحول بہت زیادہ بگڑا ہوا ہے'۔

محبوبہ مفتی نے موجودہ مرکزی حکومت پر ملک میں تباہی مچانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا: 'آپ نے تو تباہی مچا دی ہے۔ آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'پارلیمنٹ میں ایسے قوانین منظور کئے جاتے ہیں جو ہمارے آئین کے خلاف ہیں۔ جو کوئی بھی باہر سے آئے گا اس کو جگہ دیں گے لیکن اگر مسلمان ہے تو جگہ نہیں ہے۔ یہ تو ہمارے سیکولر آئین کے خلاف ہے'۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .