حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عید الفطر کے تعلق سے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر فرزندان توحید کی خدمت میں ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے عالمی انسانیت کی امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں۔ تزکیہ نفس وکردار اور اخلاق کی اصلاح کا مقدس و عظمت مآب مہینہ رمضان الکریم ہم سے رخصت ہوچکا ہے جس کو اللہ تعالیٰ کی توفیق شامل حال رہی وہ ماہ مبارک کے رحمت و برکات سے سرفراز ہوا اور بلا شبہ وہی لوگ عید کی حقیقی اور معنوی مسرتوں کو محسوس کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کے دوران ایک مسلمان مجاہدہ نفس کی مشق کرتے ہوئے دراصل اپنے لئے ایک نقش راہ کا تعین کرکے سال بھر اس پر کاربند رہنا کا تجدید عہد کرتا ہے۔ اگر خدا نہ خواستہ ماہ مبارک رخصت ہوتے ہی ہم نے اس نقش راہ سے انحراف کا مظاہرہ کیا تو ہمارے روزوں کی حیثیت جسمانی فاقہ کشیوں کے سوا کچھ نہیں رہتی ہے۔
مزید بیان کیا کہ خدا وند عالم نے ماہ مبارک کے اختتام کو عید الفطر کے ساتھ مربوط کرکے مسلمانوں پر یہ حقیقت واضح کردی ہے کہ ایسی خوشیوں اور مسرتوں کا کوئی معنی و مطلب ہی نہیں جس میں سماج کے مفلوک الحال، محتاج اور مساکین کو شریک نہ کیا جائے۔ اس معاملے کی حساسیت کا اندازہ اس حدیث مبارک سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب تک آپ کا زکوٰۃ فطرہ مستحق افراد تک نہیں پہنچتا آپ کے روزے آسمان و زمین کے درمیان محلق رکھے جاتے ہیں۔
آغا صاحب کا کہنا ہے کہ موجودہ وبائی صورتحال اور طویل لاک ڈاون کی وجہ سے غریب و مفلس اور مساکین کے مشکلات میں حد درجہ اضافہ ہوا ہے۔ آپ کے پاس پڑوس میں نہ جانے کتنے لوگ فاقہ کشیوں پر مجبور ہورہے ہوں۔ ایسے ناگفتہ بہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے فارغ البال بنایا ہے وہ زکوٰۃ فطرہ کے ساتھ ساتھ اپنے محتاج برادران ایمانی کے لئے سخاوت و سلہ رحمی کا بھر پور مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان موجودہ صورتحال میں اپنی دینی انسانی اور سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے گزشتہ تین ماہ سے اپنے محدود وسائل بروئے کار لائے ہوئے ہیں اور محتاج و مساکین کو حتی المقدور راحت پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تنظیم اپنے فلاحی پروگرام کی عمل آوری کیلئے موجودہ صورتحال میں زکوٰۃ فطرہ کی منظم وصولیابی کی ضرورت کو ناگزیر سمجھتی ہے۔
آغا صفوی نے میری نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پاس پڑوس میں ایسے لوگوں کی بھر پور دلجوئی کریں جنہیں موجودہ حالات نے متاثر کر رکھا ہے اور جس طرح پورے ماہ مبارک کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھا گیا۔ عید کے موقعہ پر بھی ان احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ عالمی انسانیت کو جلد از جلد موجودہ مہلک اور پریشان کن صورتحال سے نجات عطا فرمائے اور ان حالات میں ہم سب کو اپنی انسانی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا کرے۔