حوزہ نیوز ایجنسی کی المیادین چینل کی ویب سائٹ کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے جہاد اسلامی کی عسکری شاخ سرایا القدس کے کمانڈر اکرم العجوری کے نام لکھے جانے والے ایک خط میں کہا ہے کہ مزاحمت تحریک کی استقامت نے دشمن کی ہوا نکال دی ہے ،خط میں لکھا گیا ہےکہ آپ کی بڑھتی ہوئی جہادی طاقت نے صہیونی فوج کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، آپ اپنی ہمت، اتحاد اور استقامت سے صہیونی فوج کی طاقت کو توڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، آپ کی طاقت اتنی زیادہ ہے کہ دشمن نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
جنرل قاآنی نے مزید لکھا ہے کہ جیسا کہ ہم نے شہید قدس جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ عہد کیاتھا، اپنی جانوں اور جسموں نیزہر وہ چیز کے ذریعہ آپ کے ساتھ ہیں جو خداوند متعال نے ہمیں عطا کی ہے ، ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ جلد ہی نماز کی ادائیگی کے لئے وقار اور اختیار کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں داخل ہوں گے نیز ہم اس غاصب حکومت کے خاتمے اور تباہی تک آپ کی مدد کرنا نہیں چھوڑیں گے ، حالانکہ خطرات کتنے ہی کیوں نہ بڑھتے جائیں ۔
آخر میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ سپریم لیڈر کے کہنے کے مطابق خونخوار صہیونی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر مسلمان کا فرض ہے،انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کے جہادی کے ہاتھ کو چومتا ہوں جنہوں نے فتح المبین کی بنیاد رکھی ہے۔
واضح رہے کہ قدس فورس کے کمانڈر نے اس خط کے ساتھ حماس کی فوجی وننگ عزالدین القسام کے کمانڈر محمد الضیف کو بھی ایک اور خط لکھا،یادرہے کہ یہ خط ایک ایسے وقت میں لکھے گئے ہیں جب دس دن سےغزہ پر صیہونی حکومت کے بڑے پیمانے پر حملے جاری ہیں، غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اس خطے میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہاہے جو آج 227 افراد تک پہنچ گئی ہے جن میں 64 بچے اور 38 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1630 ہے۔