حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ روز ولادت با سعادت دختر امام موسی کاظمؑ، خواہر امام علی ابن موسی الرضاؑ حضرت فاطمۃ المعصومہ کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا میلاد مسعود جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کہ موقع پر تمام اہل اسلام بالخصوص امام زمان عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک پیش کرتی ہوں ۔
انہوں نے کہا کریمان اہلبیت علیھم السلام میں کریمہ اہلبیتؑ کا لقب پانے والی باعظمت بی بی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا فضائل و مراتب و مقامات عالیہ کا مظہر ہیں۔ معصومین علیہم السلام کی روایات آپ سلام اللہ علیہا کے لئے نہایت اونچے مقامات و مراتب کی دلیل ہیں۔
انہوں نے کہا بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا نے حضرت زینب علیا سلام اللہ علیہا کی طرح اپنے پر برکت سفر میں حقیقی پیشواؤں کی حقانیت کے سلسلے میں امامت کی سند پیش کردی اور مامون کے چہرے سے مکر و فریب کی نقاب نوچ لی کربلا کی شیر دل خاتون کی طرح اپنے بھائی کے قاتل کی حقیقت کو طشت از بام کردیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کریمہ اہلبیتؑ کے حرم کی زیارت زمانے کی غبار آلود فضا میں امید کی کرن ہے آپ کے حرم کی زیارت گناہوں سے آلودہ دلوں کے لیے پاکیزگی اور نورانیت کا موجب اور جنت کی ضمانت ہے لاکھوں زائرین آپ کے حرم مقدس کی زیارت کے لیے حاضر ہوتے ہیں اور اپنا دامن مرادوں سے بھر لے جاتے ہیں۔