۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
سید باقر الحسینی

حوزہ/ چیف سیکرٹری کے ساتھ میٹنگ کے دوران انجمن کے صدر سید باقر الحسینی نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے، اب کوئی غیر مشروط تعاون نہیں ہوگا۔ انتظامیہ جب تک ہماری زمینوں پر قبضے کی کوشش کرتی رہے گی، ہم میدان میں موجود رہیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ ہم مشروط طور پر تعاون کریں گے۔ غیر مشروط طور پر کوئی تعاون نہیں ہوگا۔ ٹافیاں دیکر ہم سے سونا چھیننے کی کوشش کی جائے تو یہ ہمیں ہرگز برداشت نہیں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو میں چیف سیکرٹری کے ساتھ مختلف مسالک کے علمائے کرام کی میٹنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے، اب کوئی غیر مشروط تعاون نہیں ہوگا۔ انتظامیہ جب تک ہماری زمینوں پر قبضے کی کوشش کرتی رہے گی، ہم میدان میں موجود رہیں گے۔ یہاں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے، ہمیں خالصہ سرکار کے لفظ سے ہی نفرت ہے، زمینیں ہمارے لوگوں کی ملکیت حریم یا چراگاہ ہیں۔

کسی سرکار کو کسی مقصد کیلئے کسی جگہ زمین درکار ہے تو معاوضہ ادا کیا جائے، معاوضے کے بغیر کسی کو ایک انچ زمین نہیں دیں گے۔ انتظامیہ ہمارے ساتھ بالکل بھی تعاون نہیں کر رہی ہے، خفیہ طور پر زمینیں الاٹ کرکے دینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر مشروط طور پر تعاون کرنے کا تجربہ ناکام رہا، اب تعاون مشروط طور پر ہوگا۔ ہمیشہ ہم سے تعاون کا تقاضا کیا جاتا ہے، بتایا جائے کہ انتظامیہ نے ہمارے ساتھ کونسا تعاون کیا ہے، عوامی حقوق اور مفادات پر کبھی خاموش نہیں رہیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .