حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری یوتھ اور امام جمعہ کچورا علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کچورا میں جمعہ کی خطبے میں حکومت پاکستان کو طالبان اور موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں عالمی قوتیں ایک دفعہ پھر خون کی ہولی کھیلنا چاہتی ہیں اور اس کا اثرات پاکستان پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں لہٰذا حکومت حوش کے ناخون لے اور ملکی امن امان اور غیرملکی افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔
علامہ اعجازبہشتی کا علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی گلگت بلتستان میں اس وقت سیاحوں کا رش ہے اور اس دوران حکومت کی جانب سے سیاحوں کی سہولیات کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیشرفت نظر نہیں آتی اور ہوٹل مالکان کی من مانی اور ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے سیاح کافی پریشان نظر آتے ہیں لہذا ذمہ داران اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان آنے والے سیاح اس علاقے کی ثقافت اور تہذیب کا خاص خیال رکھیں اور دوسروں کی تہذیب کا ادب کرنا آداب معاشرت میں آتا ہے حکومت کو بھی اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کی اسلامی تہذیب اور ثقافت کا وقار برقرار رہ سکے۔