حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ اترپردیش میں فروری 2022 میں انتخابات منعقد ہوں گے جس کےلیے ریاست میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران کچھ لوگ مسلم پرسنل لا بورڈ اور خاص کر بحیثیت صدر مجھ سے کسی ایک پارٹی کی حمایت میں اپیل جاری کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ مطالبہ کررہے ہیں وہ نہ تو مسلم پرسنل لا بورڈ کے دستور سے واقف ہیں اور نہ ہی اس کے دائرہ کار کو جانتے ہیں۔ وہ لوگ بورڈ کے اغراض و مقاصد اور تاریخ سے بھی لاعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے دستور کی دفعہ 4 کے تحت یہ واضح کیا گیا ہے کہ ’مسلم پرسنل لا بورڈ ادارہ ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوگا‘۔
صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مزید کہا کہ بورڈ کی جانب سے کسی سیاسی پارٹی کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عین انتخابات سے قبل افواہ کا بازار گرم رہتا کہ بورڈ نے فلاں پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے انتخابات کے وقت عوام کو ہوشیار رہنے اور جھوٹی افواہوں پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینا جمہوری حق ہے اور انتخابات میں امیدوار کو منتخب کرنے کا فیصلہ ذاتی طور پر لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ملک و ملت کے مفاد میں سمجھداری سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔
صدر مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ ملک کورونا وبا کی وجہ سے بحران کا شکار ہے ایسے میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے جاری گائڈ لائن پر سختی سے عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔