۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
عزم صادق" کا رسم اجراء

حوزہ/ "العزم علمی و ثقافتی مرکز ،قم مقدس" کے زیر اہتمام،حکیم امت مولانا ڈاکٹر کلب صادقؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کی حیات و خدمات پر مشتمل خصوصی نمبر "عزم صادق" کے رسم اجراء کی تقریب ایران کے علمی و ادبی شہر، قم مقدس میں منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم/اکیسویں صدی کے بے لوث خدمت گذار، فرقہ واریت و تفرقہ بازی سے دستبردار ، وحدت و اتحاد کے علمبردار، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب سردار ،قومی پسماندگی سے متنفر و بیزار ،جہالت و غربت کے خلاف سرگرم کارزار ،غلط فیصلوں پر بے خوف و خطر اظہار انزجار کرنے والے عالمی شہرت یافتہ  مذہبی قائد و راہبر حکیم امت مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق ؒ کی  تعلیمی،فلاحی ،سیاسی ، سماجی،عزائی اور مذہبی ناقابل فراموش باقیات الصالحات خدمات ان کی اخروی دنیا کے لئے بہترین ذخیرہ ہیں ۔

مرحوم  کلب صادق ؒ لکھنؤ کے مشہور خاندان اجتہاد کی ایک عظیم علمی و عملی شخصیت تھے جو اپنے آپ میں بے مثال و بےنظیر ،فرد فرید و یگانہ روزگار تھے ان کی رحلت و فرقت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا لیکن جانے والے نے اپنی مثالی حیات و خدمات کے نقش ونقوش ،تقریر و تحریر و تعمیر کے ذریعہ جگہ جگہ چھوڑے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر یاد کیا جائے گا اسی سلسلہ کی ایک  یادگاری بزم ملک سے باہر "العزم علمی و ثقافتی مرکز ،قم مقدس" کے زیر اہتمام،حکیم امت مولانا ڈاکٹر کلب صادقؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کی حیات و خدمات پر مشتمل خصوصی نمبر "عزم صادق" کے رسم اجراءکی تقریب ۴/اگست مطابق ۲۴/ذی الحجہ بروز بدھ شب میں ایران کے علمی و ادبی شہر، قم مقدس میں منعقد ہوئی، پروگرام کا آغاز حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد جواد رضوی صاحب نے قرآن کریم سے کیا۔ اس کے بعد معروف شاعر اہلبیت علیہم السلام حجت الاسلام والمسلمین مولانا ضیغم بارہ بنکوی صاحب نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوۓ کچھ اس طرح خراج عقیدت پیش کیا۔
اک مفکر ادیب تھا نہ رہا
ایک عالم خطیب تھا نہ رہا
اب مریضان جہل جائیں کہاں
شہر میں اک طبیب تھا نہ رہا

اس کے علاوہ مولانا نے اپنے مختلف کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔

پھر عصر حاضر کے بہترین مقالہ نگار حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید نجیب الحسن زیدی صاحب نے مقالہ  پیش کیا جس کا عنوان تھا"مولانا ڈاکٹر کلب صادق صاحب اور فن خطابت" مولانا موصوف نے مرحوم کی خطابت کے امتیازات پر روشنی ڈالی اور آخر میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر صاحب نے حکیم امت کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوۓ بصیرت افروز تقریر فرمائی بعدہ حجج الاسلام مولانا سید رضا حیدر،مولانا مسعود اختر ،مولانا حسن رضا قمی،مولانا شہوار سعیدی،مولانا نجیب الحسن زیدی،مولانا شمع محمد ، اور مولانا سید  مبین حیدر صاحبان کے مبارک ہاتھوں سے خصوصی نمبر "عزم صادق" کا رسم اجراء عمل میں آیا ۔

اس پروگرام میں نظامت کے فرائض حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید مبین حیدر صاحب نےانجام دیئے۔پروگرام کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج)کے ذریعہ ہوا۔

واضح رہے اس پروگرام کو سرزمین قم سے ظہور میڈیا چینل کے ذریعہ آنلائن  نشر کیا گیا۔ ادارہ نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .