۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
مولانا محسن تقوی

حوزہ/ مولانا کلب جواد نقوی کی طرف سے ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی کی مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا،کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی کی جانب سے حکیم امت مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی طاب ثراہ کے ایصال ثواب کے لئے آج درگاہ حضرت عباس رستم نگر میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس کو شیعہ جامع مسجد دہلی کے امام جمعہ مولانا سید محمد علی محسن تقوی نے خطاب کیا ۔مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری معصوم مہدی نے کیا ۔اس کے بعد شعراء نے بارگاہ محمدؐ و آل محمد ؑ میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔مولانا سید کلب جواد نقوی خاص طورپر مجلس میں موجود رہے اور شریک افراد کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔

مجلس کو خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مولانا سید محسن تقوی نے علم کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی ۔انہوں نے قرآن اور احادیث محمدؐ و آل محمدؑ کے ذریعہ علم و حکمت کی افادیت اور اس کے حصول کی جدوجہد کی اہمیت کو بیان فرمایا ۔مولانانے اسی ضمن میں حکیم امت ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی کے تعلیمی مشن پر تفصیلی بات کی ۔مولانا نے کہاکہ ڈاکٹر کلب صادق نقوی کی زندگی علم و عمل کا جیتا جاگتا نمونہ تھی ۔انہوں نے قوم کو تعلیم کی طرف نا صرف راغب کیا بلکہ تعلیمی ادارے بھی قائم کئے ۔انہوں نے اتحاد و اخوت کی راہیں استوار کیں جو ہمیشہ خاندان اجتہاد کا شیوہ رہاہے ۔وہ بیباکی کے ساتھ اپنا موقف رکھتے تھے ۔بین المذاہب ایک منفرد اسلامی اسکالر کے عنوان سے اپنی شناخت قائم کی اور امت اسلامیہ کی ترجمانی فرماتے رہے۔انہوں نے ہمیشہ مکتب محمدؐ و آل محمد ؑ کی نشرواشاعت کی اور قوم کو ایک فکری و تعمیری جہت دینے کی سعی کرتے رہے ۔مولانا نے دوران مجلس فضائل اہلبیتؑ قرآن و حدیث کی روشنی میں پیش کئے ۔مجلس کا اختتام مصائب اہلبیتؑ پر ہوا۔‎

یہ مجلس ایصال ثواب مجلس علمائے ہند،فلاح المومنین ٹرسٹ اور حوزہ علمیہ غفران مآبؒ کے بینر پر منعقد ہوئی ۔تمام اداروں نے مجلس میں شریک ہونے والے مومنین اور علماء کا شکریہ ادا کیا اور مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی طاب ثراہ کے اہل خاندان کو تعزیت و تسلیت پیش کی ۔مجلس میں حجۃ الاسلام مولانا سید کلب جواد نقوی کے ساتھ مولانا رضاحسین رضوی،ڈاکٹر حیدر مہدی ،مولانا منظر عباس ،مولانا محمد مہدی ،مولانا تسنیم مہدی زید پوری مولانا حیدر عباس رضوی،مولانا سید سعیدالحسن نقوی ،مولانا زوار حسین ،عادل فراز نقوی، اوردیگر علماء نے شرکت کی ۔اس کے علاوہ اراکین مجلس علمائے ہند،کارکنان فلاح المومنین ٹرسٹ اور حوزہ علمیہ حضرت دلدار علی غفران مآبؒ کے اساتذہ نے بھی مجلس میں شرکت کی۔‎

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .