۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے پڑوسی ملک ہندوستان میں کسان تحریک کی کامیابی پر اسے عوامی حقوق کی حالیہ تحریکوں میں ایک بڑی مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود کسان اپنے موقف پر قائم رہے اور بالآخر ایوان اقتدار ہل کر رہ گئے اور ہندوستانی حکومت نے اس عوامی غیض و غضب کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے تینوں ظالمانہ قوانین کو واپس لے لیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے واضح کیا ہے کہ عوامی حقوق کے حصول پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی آئینی اور شہری حقوق کے حصول میں کسی قربانی سے دریغ کریں گے،سیاسی و عملی جدوجہدجاری رکھیں گے ، 73ء کے دستور میں 40 کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جب تک ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کی قدردانی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا،پڑوسی ملک میں کسانوں کی تحریک عوامی حقوق کے حصول کےلئے سنگین مشکلات کے باوجود اتحاد کے ساتھ اس تحریک نے ایوان اقتدار کو ہلاکر رکھ دیا ، حکومت کو ظالمانہ اقدامات کو واپس لینے پر مجبور کردیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ وہ قومیں ، معاشرے یا ریاستیں موجودہ ترقی یافتہ دور میں آگے بڑھتی ہیں جنہیں آزادانہ ماحول ، جمہوری ، آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو، 73 ءکا آئین ایک طویل جدوجہد کے بعد کے متفقہ طور پرسامنے آیا جس میں 40کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے ۔ ہم ایک عرصہ سے متوجہ کرتے آئے ہیں کہ جب تک آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق اور آئین میں فراہم کی گئی شخصی آزادی کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس آج معاشرے کا ہر طبقہ پریشان اور عدم تحفظ کا شکار ہے ، بچو ں سے زیادتیوں سمیت راہ چلتے شہریوں کے جان و مال پر آئے روز حملوں کی خبریں تواتر کے ساتھ آرہی ہیں تو دوسری طرف ہوش ربا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اس پرمستزادیہ کہ شہری آزادیو ں کو مسلسل سلب کرکے ماحول کو مزید گھٹن زدہ بنا یا جارہاہے، ایک خاص پالیسی کے تحت ملک بھر میں عوامی حقوق کو پامال کیا جارہاہے ایک طرف ”ریاست ماں جیسی“ کا تصور تو دوسری جانب قانونی اور جائزرسومات کی ادائیگیوں پر مقدمے درج کرکے معزز و محترم شہریوں کی تذلیل کی جارہی ہے جو سراسر زیادتی ، شہری آزادیوں پر حملہ اور تکفیری مائنڈ سیٹ ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے۔

مزید کہا کہ ہم ایک عرصے سے ان زیادتیوں پر عوام کو صبر کی تلقین کرنے کے ساتھ ارباب اختیار کو متوجہ کرچکے ہیں مگر ایک طرف نا انصافی دوسری طرف شہری آزادیوں کو سلب کرنے کاتسلسل ہے ، ان حالات میں قوم آمادہ رہے عوامی حقوق کے حصول کےلئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جاسکتا ہے اس کے ساتھ ہی یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی اس سلسلے میں ہم کسی قربانی سے دریغ کرینگے کیونکہ پرامن احتجاج بنیادی ، آئینی اور شہری حق ہے یہ ہم اپنے حقوق کی ضمانت لئے بغیرمطمئن نہیں ہونگے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پڑوسی ملک ہندوستان میں کسان تحریک کی کامیابی پر اسے عوامی حقوق کی حالیہ تحریکوں میں ایک بڑی مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود کسان اپنے موقف پر قائم رہے اور بالآخر ایوان اقتدار ہل کر رہ گئے اور ہندوستانی حکومت نے اس عوامی غیض و غضب کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے تینوں ظالمانہ قوانین کو واپس لے لیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .