۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں خدا وند متعال نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا لیکن ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست بنانے کےلئے کردار ادا نہیں کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں حسن اتفاق ہے کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو قائم ہوا ، اسلامی تقویم کے لحاظ سے یوم پاکستان یعنی یوم آزادی 27رمضان المبارک ہے،آ ج کا دن ہمیں متوجہ کرتا ہے کہ ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی اورجمہوری ریاست بنانے کےلئے کردار ادا نہیں کیا گیا۔ ملکی استحکام کےلئے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور صحیح معنوں میں جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے ۔مو ھوم مصلحتوں اورفائدوں کے لیے بے جا پالیسیوں کی بجائے ملک و قوم کے مفاد میں اقدام اٹھائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلامی تقویم کے لحاظ سے یوم آزادی پاکستان (27رمضان المبارک ) کو اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ خدا وند متعال نے رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا، اس نعمت خداوندی پر ہمیں شکر بجالانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وطن کی ترقی، خوشحالی اور اسے صحیح معنوں میں اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست بنانے کےلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے تھا لیکن پاکستان جن مقاصد کےلئے بنایاگیا ، جن محرومیوں کے خاتمے اورجن بنیادی آزادیوں کے حصول کےلئے قائم کیاگیا وہ آج تک حاصل نہیں کیے جاسکے، آج بھی ملک میں جہاں شہری و بنیادی حقوق پر سوال اٹھ رہے ہیں وہیں طبقاتی تفریق نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا ہواہے، انصاف کا حصول مشکل ہے،عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکا۔وہ کٹھن حالات سے دو چار ہے ،اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا دکھائی دیتا ہے لیکن کوئی سنوائی نہیں۔ آج کا دن ہمیں اس کی طرف دھیان دینے کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرتے ہوئے باہمی احترام و اتحاد کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، متحد قوم ہی ترقی کی جانب گامزن ہوسکتی ہے البتہ بے جا توازن کی پالیسیوں سے اجتناب کرتے ہوئے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر عمل کرنا ہوگا کیونکہ ملک کے تمام مسائل کا حل آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اورصحیح معنوں میں جمہوریت کے تسلسل میں ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .