۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
محمد محفوظ مشہدی

حوزہ/ مرکزی صدرجمعیت علمائے پاکستان نے کہا کہ قرآن مجید کا اسلوب کلام آسان ،کروڑوں حفاظ کے سینوں میں محفوظ منفرد کتاب ہے، آج امت کی زبوں حالی کی بنیادی وجہ قرآن سے دوری اور باہمی نفرت اور انتشار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جمعیت علمائے پاکستان سواد اعظم کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ قرآن دستور حیات ، کامل کتاب اورکلامی الٰہی ہے۔اس کی تمام آیات اور سورتیں حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچیں ۔اور آج امت کے پاس اثاثہ کے طور پر موجود ہے، قیامت تک کے درپیش مسائل کا حل قرآن مجید میں پیش کردیا گیا ہے۔ مسلمانوں کے پاس یہ کتاب ہدایت کے طور پر موجود ہے۔ جشن نزول قرآن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کا اسلوب کلام آسان ہے ،قرآن کے ذریعے اللہ تعالی خود انسان سے محوگفتگو ہے اور اس کے احکامات پر عمل کی ہدایت بھی کرتا ہے۔

جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ قرآن مجید زندہ لوگوں کی کتاب ہے جس پر عمل کرکے ہم روزمرہ زندگی گزارسکتے اورترقی کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگی میں قرآن مجید کو نافذ کریں۔ آج امت کی زبوں حالی کی بنیادی وجہ قرآن سے دوری اور باہمی نفرت اور انتشار ہے جو کہ اغیار کا پھیلایا ہواایجنڈا اوربیرونی قوتوں کی سازش ہے۔

پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ قرآن مجید واحد کتاب ہے جس کو بار بار پڑھنے سے اکتاہٹ محسوس نہیں ہوتی بلکہ روحانی لذت محسوس ہوتی اور دنیا کے اسرارورموز انسان پر کھلتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ امت مسلمہ قرآن پر عمل کرتی تو آج متحد اور سرفراز بھی ہوتی مگر افسوس امت فرقوں میں بٹ کر پار ہ پارہ ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم قرآن سے رجوع کرکے اپنا کھویا مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔جے یوپی کے مرکزی صدر نے کہا کہ قرآن ایسی کتاب ہے کہ کروڑوں حفاظ کے سینوں میں محفوظ ہے جبکہ یہ اعزاز کسی دوسری کوئی کتاب کوحاصل نہیں، کسی کتاب کو انسا ن بار بار پڑھ سکتا اور نہ ہی زبانی یاد کر سکتا ہے مگر قرآن کی بار بار تلاوت کی جاتی ہے اور اس کے حفاظ دنیا بھر میں موجود ہیں

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .