حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عراقی مشہور شیعہ سیاسی گروپوں نے الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری کے گھر پر صدر پارٹی کے سربراہ مقتدی الصدر سے ملاقات اور عراق اور بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس ملاقات میں عراق کے موجودہ مسائل اور تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ اور اس ملک میں اتحاد اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے اور عراقی عوام کی خدمت پر تاکید کی گئی۔
اس ملاقات میں شرکاء نے جن اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے وہ درج ذیل ہیں:
۱-کرپشن کے خلاف جدوجہد، بدعنوانوں کو قرار واقعی سزا دینے اور سرکاری املاک کے ضیاع کو روکنے کے لئے ضروری اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
۲-شیڈول کے مطابق غیر ملکی افواج کے انخلاء اور حکومت کے ذریعے ہتھیاروں کے مناسب طریقہ کار کا تعین کرنے پر زور۔
۳-حشدالشعبی کی حمایت اور عراق کی سلامتی کو برقرار رکھنے میں مزید ان کو مضبوط کرنا۔
۴-قابض اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے اور اس سے متعلق تمام معاملات کو جرم قرار دینا۔
۵-قانون کے تحت،اخلاقی اور سماجی انحرافات کے خلاف عراقی عوام کی بنیادوں کو محفوظ رکھنے کی مشترکہ کوشش۔
۶-محروم علاقوں کی معاشی اور اقتصادی سطح کو بلند کرنے کی کوششیں اور خدمت کے منصوبوں کے تعلق سے سیاسی مقابلہ ختم کرنا۔
دونوں فریقین نے موجودہ سیاسی تعطل کے حل تک پہنچنے کے لئے مزید بات چیت اور مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
آخر میں،عراقی شیعہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے انتخابی نتائج کے معاملے پر قانونی اور عوامی امنگوں کے مطابق آگے بڑھنے پر بھی زور دیا۔