ہفتہ 11 دسمبر 2021 - 20:24
واقعۂ عاشورا نے خواتین کے کردار کو اجاگر کیا

حوزہ/ انقلاب اسلامی ایران، حسینی اور زینبی انقلاب ہے اور ہماری خواتین کا انقلاب کے آغاز سے ہی نمایاں اور بے نظیر کردار رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صوبۂ کردستان میں حجۃ الاسلام ناصری شیری نے یومِ ولادتِ حضرت زینب کبری(س)اور یومِ نرس کے موقع پر شہر کامیاران کے ایک مقامی اسپتال کے عملے اور نرسنگ اسٹاف سے ملاقات میں کہا کہ نرسنگ ایک بہت مشکل اور تھکا دینے والا کام ہے اور ہر کوئی اس انسانی اور الہی کام کو انجام دینے کا قابل نہیں ہوتا۔

نائبِ امام جمعہ شہر کامیاران نے کہا کہ نرسنگ اسٹاف کو توقع ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی 13ویں حکومت ان کے مطالبات پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زینب(س)نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت زہرا(س)کی طرح اسلامِ ناب کی حیات بخش تعلیمات کی روشنی میں خواتین اور مختلف شعبوں میں خواتین کے کردار کو ایک نئی جہت عطا فرمائی ہے اور خاص طور پر واقعۂ عاشورا اور اس کے بعد کے واقعات میں حضرت زینب(س) کی فعال اور پُراثر کارکردگی سبق آموز ہے۔

حجۃ الاسلام شیری نے مزید کہا کہ واقعۂ عاشورا میں ظاہری طور پر لشکرِ اسلام کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،لیکن جس چیز نے لشکرِ اسلام کی ظاہری فوجی شکست کو فتح میں بدل دیا وہ بلاشبہ حضرت زینب کبری(س)کا حضرت زین العابدین(ع)کی ہدایت اور سربراہی میں فعال اور با اثر کردار تھا۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ واقعۂ عاشورا خواتین کے کردار کو اجاگر کرنے کا سبب بنا اور اس واقعے نے واضح کردیا کہ خواتین ہر میدان میں کامیاب ہو سکتی ہیں،کہا کہ کوفہ کے دربار میں حضرت زینب(س)کا خطبہ اور شام کے دربار میں حضرت امام سجاد(ع)کا خطبہ بنی امیہ کے قائم کردہ معاشرتی حالات کے منہ پر طمانچہ تھا اور ان دونوں بزرگوں نے شامی اور کوفی لوگوں کو مخاطب قرار دے کر فرمایا کہ تم نے بے بصیرتی کا مظاہرہ کر کے اپنا دین کھو دیا ہے اور صرف اسلام کا لبادہ اوڑھ کر انقلاب کا نعرہ بلند کر رہے ہو لیکن تمہارا دل اسلام اور اہل بیت(ع)کے خلاف فریب اور نفرت سے بھرا ہوا ہے۔

ناصری شیری نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران،حسینی اور زینبی انقلاب ہے اور ہماری خواتین کا انقلاب کے آغاز سے ہی نمایاں کردار رہا ہے،دشمنوں اور خاص طور پر صہیونیوں نے خواتین کے اس اہم کردار کو لے کر خواتین سے انتقام لینے اور ان کو عفت و پاکدامنی کی اقدار سے الگ کر کے بے حیائی کی طرف لے جانے اور ہمارے نوجوانوں کی غیرت کو برباد کرنے کی کوشش کی ہے،لیکن ہماری پاکدامن خواتین اور بابصیرت جوانوں نے صہیونیت سمیت تمام دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

آخر میں،نائبِ امام جمعہ شہر کامیاران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مراجع عظام نے ویکسین دریافت کر لی ہے اور عوام کو بھی ویکسین دریافت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .