حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین سید مہدی قریشی نے مدرسہ علمیہ امام خامنہ ای میں مغربی آذربائیجان کے مدارس دینیہ کے سربراہان کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ مدارس کے سربراہوں کو مدارس اور سماج میں معنویت کو بڑھانے کے لئے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لانا چاہئے۔
انہوں نے روایات کی روشنی میں نمازِ باجماعت کے اجر و ثواب کا ذکر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اسلامی معاشرے میں معنویت کے بڑھنے کے اسباب و علل میں سے ایک نمازِ جماعت ہے اور روایات میں بھی نمازِ باجماعت کے لئے بہت سے اجر و ثواب بیان کئے گئے ہیں، لہذا نمازِ باجماعت میں شرکت نہ کرنا بہت بڑا نقصان ہے۔
اِمام جمعہ ارومیہ نے کہا کہ ایک اور سبب جو مومنین اور خاص طور پر دینی طلباء کی روحانی ترقی اور نشوونما میں بہت اہم اور مؤثر ثابت ہو سکتا ہے وہ نمازِ شب ہے۔
آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید مہدی قریشی نے تربتِ ابا عبداللہ الحسین(ع)پر سجدہ، تسبیحِ حضرت زہرا(س) نمازِ جعفر طیار اور زیارت عاشورا کی تلاوت کو توفیق الٰہی اور کامیابی کے دیگر عوامل میں سے قرار دیا اور دینی مدارس کے سربراہوں سے ان عبادات کو معاشرے میں فروغ اور ان پر عمل کرنے کی گزارش کی۔