حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے 25 دسمبر کرسمس کے تہوار کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں اقلیتی برادری کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیاز ی سلوک کا احساس نہ ہونے دیا جائے اور ہر حال میں ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
مزید کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ عرصہ دراز سے طبقاتی تفاوت‘ عدم مساوات اور عدل و انصاف کا فقدان چلا آرہا ہے جس کا بنیادی سبب حکمران طبقات کی غیر سنجیدہ روی سمیت اپنے فرائض منصبی کودرست انداز میں انجام نہ دینا ہے جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔