حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام مولانا علی حیدر فرشتہ سرپرست مجمع علماء و خطباء حیدرآباد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انتہائی رنج و افسوس کے ساتھ موصول ہوئی ہے کہ سرزمین مبارک پور کی عظیم شخصیت حجۃ الاسلام مولانا شیخ انصار حسین ترابی کا حرکت قلب رکنےکی وجہ سے فرخ آباد میں انتقال ہوگیا۔مرحوم نہایت خوش اخلاق ،خوش کردار ،ملنسار ،بے باک و نڈر عالم دین تھے۔
حجۃ الاسلام مولانا شیخ انصار حسین ترابی ،مبارکپور ضلع اعظم گڑھ (اتر پردیش) میں ۲۸؍جولائی ۱۹۵۷ء کو پیدا ہوئے تھے۔ابتدائی تعلیم مدرسہ باب العلم مبارکپور میں حاصل کی ۔۱۹۷۴ء میں اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کر نے کی غرض سے مدرسہ سلطان المدارس و جامعہ سلطانیہ لکھنؤ میں داخلہ لیا۔اس کے بعد ۱۹۸۲ء میں مزید اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کر نے کے لئے حوزہ علمیہ قم ایران میں داخلہ لیا اور ۱۹۸۸ء تک حوزہ علمیہ قم ایران میں زیر تعلیم رہے ۔
ایران سے اعزامی مدرس ہو کر جامعہ مہدیہ سیتھل ضلع بریلی میں تدریس کے لئے آئے اور وہاں تدریسی فرائض انجام دینا شروع کیا ۔اس کے بعد ۱۹۹۰ء میں جامعہ ابو طالب سیتا پور کی بنیاد رکھی اور وہاں پرنسپل کی حیثیت سے مستقل تعلیم دیتے رہے۔اور پھر ۹۵-۱۹۹۴ء کے درمیان شکار پور ضلع بلند شہر میں امام جمعہ و جماعت کی حیثیت سے پہونچے اور ۱۹۹۸ء تک یہ فرائض انجام دیتے رہے اور پھر وطن مبارکپور واپس اکر مدرسہ باب العلم میں تدریسی فرائض میں مصروف و مشغول ہو گئے ۔۲۰۰۴ء میں کوڈی نار ضلع امریلی گجرات پہونچے اور وہاں امام جمعہ و جماعت کی حیثیت سے مذہبی خدمات انجام دینے لگے۔جولائی ۲۰۱۰ء میں جامعہ حامد المدارس پہانی ضلع ہردوئی میں سرکاری مدرس عالیہ کی تقرری ہوئی اور تا حال تدریسی سر گرمی اور ساتھ ساتھ امام جمعہ و جماعت کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حجۃ الاسلام مولانا شیخ انصار حسین ترابی ہر جمعہ کو ہردوئی سے فرخ آباد نماز جمعہ پڑھانے کے لئے جایا کرتے تھے ۔حسب معمول گزشتہ روز جمعہ نماز جمعہ پڑھانے کے لئے فرخ آباد تشریف لے گئے تھے کہ وہاں سے واپسی میں اچانک طبیعت خراب ہونے لگی اور مقامی اسپتال میں علاج کے لئے منتقل کیا گیا لیکن جاں بر نہ ہو سکےاور رات میں قریب ۱۰؍بجے آپ کو ہارٹ اٹیک آیا اور داعی اجل کو لبیک کہا۔
ہم مجمع علماء وخطباء حیدرآباد کی جانب سے اس سانحہ ٔ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مولانا شیخ انصار حسین ترابی کے انتقال پر ملال پرخانوادہ مرحوم کو تعزیت پیش کرتے ہیں ۔