حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے، فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کے مقصد سے عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے جنوبی اور وسطی صوبوں سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین بغداد کے شمال میں واقع شہرِ کاظمین پہنچ گئے ہیں۔
عراقی ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ زائرین اور عزاداروں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جو کاظمین کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ راستوں میں ان زائرین کی پذیرائی بھی کی جا رہی ہے۔ حکومت عراق نے بھی امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عراق میں اتوار کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق، ایران، ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا اور ماتم و سینہ زنی اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔