حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے دورۂ عراق کے موقع پر کاظمین میں ساتویں امام حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام اور نویں امام حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے مزارات مقدسہ کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق،عراقی وزیرخارجہ کی دعوت پر پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر عراق میں موجود ہیں، گزشتہ روز اُنہوں نے مختلف اولیاء اور نبی حضرت یوشع علیہ السلام کے مزار پر حاضری دی، بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بغداد میں ساتویں تاجدار امامت امام موسی کاظم علیہ السلام کے مزار پر بھی حاضری دی۔
وزیر خارجہ پاکستان نے حرم امام موسیٰ کاظم علیہ السلام میں نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
اس موقع پر وزیرخارجہ کے ہمراہ عراقی آفیشلز کے ساتھ ساتھ پاکستانی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ وزیرخارجہ آج عراقی ہم منصب اور دیگر عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔