۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آغا حسن

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان کے صدر: شہید آغا سید مہدی نے اپنی انتہائی قلیل سیاسی زندگی میں عوام کی خدمت اور بے کس و مظلومین کی فریاد رسی کے لئے جو کارہائے نمایا انجام دئے انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے شہید آغا سید مہدی الموسوی الصفوی کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت نذر کرتے ہوئے شہید موصوف کے خدمت خلق کے مشن کی آبیاری کا تجدید عہد دہرایا شہید کی برسی کے مناسبت سے جامع مسجد بڈگام میں خصوصی مجلس کا انعقاد ہوا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی مرثیہ خوانی کے ساتھ ساتھ شہید کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر شہید موصوف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ آغا سید مہدی نے اپنی انتہائی قلیل سیاسی زندگی میں عوام کی خدمت اور بے کس و مظلومین کی فریاد رسی کے لئے جو کارہائے نمایا انجام دئے انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہید موصوف کا مشن خدمت خلق ہمارے لئے نمونہ عمل ہے دریں اثنا آغا حسن نے وادی کے اطراف و اکناف میں نوجوانوں بالخصوص جیلوں سے رہا شدہ نوجوان طبقے کو پولیس کی طرف سے ہراسان کرنے انہیں تھانوں میں بلاکر انکے خلاف بے بنیاد استغاثے دائر کرنے کی کاروائیوں پر سخت تشویش اور افسوس ظاہر کیا۔

آغا صاحب نے کہا کہ نوجوانوں کو بار بار پولیس تھانوں میں طلب کرکے ایک اشتعال انگیز صورتحال دانستہ طور پر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی کاروائیاں موجودہ پر امن فضا کو درہم برہم کرسکتی ہیں گنڈ حسی بٹ سرینگر میں ایک سال پہلے کے معاملے کو زندہ کرکے نوجوانوں کو ہراسان کیا جا رہا ہے۔

آغا صاحب نے کہا کہ ایک سال پرانے معمولی نوعیت کے معاملے کو اہمیت دیکر نوجوانوں کو ہراسان کرنا متعصب ذہنیت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے تاکہ علاقہ میں یہ معاملہ کسی ناخوشگوار صورتحال کا پیش خیمہ ثابت نہ ہو سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .