۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ ہندوستان میں توہین رسالتؐ کے مرتکب عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کے منتظر ہیں۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے آئے روز ٹی وی چینلوں پر اسلام اور مسلمان مخالف بیانات کو مسلمانان ہند کے لئے باعث تشویش قرار دیتے ہوئے زور دار الفاظ میں واضح کیا کہ رسول اکرم ؐ کی شان اقدس میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں اور اس مذموم سلسلے کو روکنے کے لئے قانون سازی حالات و واقعات کا ایک ناگزیر تقاضا ہے۔

آغا صاحب نے کہا کہ تمام مذاہب اور تمام عقیدے قابل احترام ہیں اور تمام مذاہب کی برگزیدہ شخصیات کی عزت اور ان کا احترام عالم بشریت کا ایک اعلامیہ ہے لہذا کسی بھی مذہب اور مذہبی شخصیات کی توہین و تذلیل کو روکنے کے لئے قانون سازی ہونی چاہئے۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ امت مسلمہ ہندوستان میں توہین رسالتؐ کے مرتکب عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کے منتظر ہیں۔

دریں اثنا بزرگ روحانی شخصیت آغا سید علی الموسوی الصفوی ؒ کی برسی کی مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مجلس حسینی ؑ منعقد ہوئی اس موقع پر آغا صاحب نے مرحوم آغا سید علی الموسوی الصفوی ؒ کی روحانی اور عرفانی شخصیت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

آغا صاحب نے ایران عراق شام وغیرہ میں ائمہ معصومین ؑ کی زیارت کرنے والے زائرین کو دی جا رہی رعایات کو ختم کرنے کی مبینہ خبروں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہ رعایات بحال رکھی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ فریضہ حج چونکہ صرف صاحبان استطاعت لوگ انجام دیتے ہیں لیکن زیارات معصومین ؑ کے لئے غریب و مفلس لوگ بھی قناعت و کفایت شعاری سے کام لیکر اپنے اشتیاق کو پورا کرتے ہیں لہذا انہیں میسر رعایات کو بحال رکھنا چاہئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .