حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مرکزی امام باڑہ بڈگام میں عشرہ محرم سے جاری دو ماہی نوحہ خوانی کا پروگرام اختتام پزیر ہوا اختتامی تقریب پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی مہمان خصوصی تھے نوحہ خوانی کے اس پروگرام میں وادی کے مختلف علاقہ جات سے وابستہ دائرات حسینیؑ نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر آغا صاحب نے عزاداری میں نوحہ خوانی کی اہمیت اور ناگزیریت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں نوحہ خوانی کے بغیر رسم عزاداری کی کوئی پہچان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری نوحہ خوانی تبلیغ دین کی ضرورتوں کے عین مطابق ہے۔آغا صاحب نے امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر آغا صاحب نے افغانستان کے شہر قندھار میں شیعہ برادری کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہلاکت خیز بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم المیہ ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد خطرناک سیاسی رسہ کشی شروع ہو چکی ہے اور مختلف قوتیں اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے ایک مسلکی اقلیت کو نشانہ بنا رہے ہیں آغا صاحب نے اس سانحہ میں جان بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا ۔