۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
آغا حسن

حوزہ/ افغانستان شیعہ برادری کے لئے غیر محفوظ بنتا جا رہا ہے اور طالبان حکومت انہیں تحفظ دینے میں سنجیدہ نہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ ؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے حسب عمل قدیم انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہوا اس سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا، جہاں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

عقیدت مندوں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مولائے متقیان امام علی ؑ کے کردار و عمل اور سیرت و کارہائے نمایا پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امام علی ؑ کی شہادت کے اسباب و عوامل بیان کئے۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم ؐ ہر مرحلہ پر علی ؑ کی شان و عظمت کو واضح کرتے رہے اور مسلمانوں کو ان کی اطاعت کی تاکید کرتے رہے بنو امیہ کی پیغمبر اکرم ؐ اور انکے اہل بیت ؑ سے قلبی دشمنی اس وقت اور بھی شدید رخ اختیار کرگئی جب مسلمانوں کے از حد اصرار پر مولا علیؑ خلیفتہ المسلمین ہوئے آپ ؑ کے مخالفین نے اپنے خصوصی مقاصد کے لئے ہر قسم کے حربے اختیار کئے اور علیؑ کی کردار کشی کی حدیں پار کی یہاں تک کہ جنگ صفین واقع ہوئی جہاں فرقہ خوارج نمودار ہوا اس گروہ نے سنت رسول ؐ اور اسوہ حسنہ کو بالائے طاق رکھ کر قرآن مقدس کی خود ساختہ تفسیر اور تاویل کرکے اسلام ناب محمدی ؐ کو شدید خطرات سے دو چار کیا علی ؑ نے اس عظیم فتنہ کو جڑ سے اکھاڑ ڈالا جس کے بعد بچے کچے خوارج نے علی ؑ کے قتل کا منصوبہ ترتیب دیا جو انیس ماہ رمضان کو مسجد کوفہ میں علی ؑ کی ضربت اور شہادت پر منتج ہوا۔

اس موقع پر آغا صاحب نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے تکفیر ی دہشتگردانہ حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں مسلکی اقلیتوں خاص طور پر ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدام کریں۔

آغا صاحب نے کہا کہ افغانستان شیعہ برادری کے لئے غیر محفوظ بنتا جا رہا ہے اور طالبان حکومت انہیں تحفظ دینے میں سنجیدہ نہیں۔ آغا صاحب نے افغانستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شیعہ برادری پر ہوئے کئی دہشتگردانہ حملوں میں شہید کئے گئے افراد کے لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔

مسجد اقصیٰ میں ماہ مبارک کے دوران نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ صیہونی حکومت فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت سے محروم رکھ کر اپنی اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .