حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج مورخہ 15 مارچ 2022، مجمع علماء و طلاب حوزہ علمیہ قم المقدسہ کے صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس کا طلاب ہندوستان نے پرجوش استقبال کیا اور بھر پور شرکت کی، ساتھ ہی ساتھ الیکشن کو کامیاب بنانے میں اپنا پورا تعاون کیا۔
تصویری جھلکیاں: قم المقدسہ میں مجمع علماء و طلاب ہندوستان کے صدارتی الیکشن کا انعقاد
5 شعبان المعظم کو الکشن کمیشن کی میٹنگ میں اتفاق رائے کے بعد ۵ امیدواروں میں سے تین امیدواروں کے اسماء کا اعلان کیا گیا۔ جس میں مولانا سید شکیل عباس جعفری، مولانا شکیل احمد، مولانا سید محمد علی عون کے اسماء شامل ہیں۔
اطلاع کے مطابق یہ صدارتی الیکشن آج صبح 9 بجے سے 3 بجے بعد ظہر تک مدرسہ مبارکہ حجتیہ، مدرسہ امام خمینی (رح) مدرسہ علمیہ القائم (عج) میں جاری و ساری ہے جس میں طلاب ہندوستان کی کافی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنا حق رائے استعمال کیا۔
واضح رہے کہ قم المقدسہ میں یہ انجمن تقریبا پچھلے ۴۰ برسوں سے طلاب محترم کی نمائندگی کا پلیٹ فارم بنی ہوئی ہے اور مجالس و محافل جیسے مرکزی پروگرام کے انعقاد کی ذمہ داری اسی انجمن کے ذمہ ہوا کرتی ہے جسے با شکوہ اور منفرد انداز میں منعقد کیا جاتا رہا ہے، محافل و مجالس کے علاوہ بھی تعلیمی، تبلیغی اور تربیتی میدان میں تقویت اور معاشرے میں معارف و علوم اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت جیسے امور کے الحاق کے پیش نظر طلاب ہندوستان کی اس انجمن کا نام ہیئت طلاب ہندوستان سے بدل کر مجمع علماء و طلاب ہندوستان حوزہ علمیہ قم کر دیا گیا۔