۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
مولانا ابن حسن املوی واعظ

حوزہ/ ہندوؤں کی مذہبی کتابوں ( وید، باسک وغیرہ ) میں بھی ہے کہ آخری زمانہ میں دین و مذہب کی قیادت ایک عادل بادشاہ پر ختم ہوگی جو جن و انس اور فرشتوں کا بھی پیشوا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،املو،مبارکپورضلع اعظم گڑھ(اتر پردیش)ہندوستان/ امام کے وجود کا فلسفہ دین اسلام کی حفاظت ،دینی معارف کی وضاحت اور انسانوں کی ہدایت کرنا ہے لہٰذا اس ذمہ داری کو بہتر اور احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے امام ِ معصوم ،صاحب ِ علم لدنی اور ولایت و امامت کے منصب پر فائز ہونا ضروری ہے ۔حضرت امام مہدی علیہ السلام ایسے ہی سلسلۂ امامت کے آخری تاجدار ہیں جو اس وقت پردۂ غیبت میں رہ کر قدرت ِ خدا سے زندہ ہیں جب حکم خدا ہوگا تب ظہور فرمائیں گے اور زمین کو ظلم و جور سے پاک کرکے عدل و انصاف سے بھر دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار مولانا ابن حسن املوی واعظ نے عزاخانہ ٔ ابو طالب محلّہ محمود پور املو ،مبارکپور میں عاشقان ِ امام عصر ؑ کے زیر اہتمام منعقدہ جشن ولادت حضرت امام مہدی علیہ السلام میں خطاب کے دوران کیا۔

مولانا نے مزید فرمایا کہ ’’عقیدۂ مہدویت ‘‘ یعنی نجات دہندۂ بشریت کے ظہور پر یقین و اعتقاد تمام آسمانی مذاہب و ادیان کے ماننے والوں کے درمیان پایا جاتا ہےبلکہ ہندوؤں کی مذہبی کتابوں ( وید، باسک وغیرہ ) میں بھی ہے کہ آخری زمانہ میں دین و مذہب کی قیادت ایک عادل بادشاہ پر ختم ہوگی جو جن و انس اور فرشتوں کا بھی پیشوا ہوگا۔

اس کے بعد مسابقۂ علمی میں شرکت کرنے والے ایک سو سے زیادہ طلباء و طالبات کو مولانا ابن حسن املوی واعظ کے بدست نفیس انعامات تقسیم کئے گئے۔پروگرام کا آغاز مولانا حسن عباس شہیدی نے تلاوت کلام پاک سے کیا ۔اور شعرائے کرام نے بارگاہ امامت میں نعت و قصائد پیش کئے۔

اس موقع پر مولانا محمد عباس،مولانا محمد مہدی ،مولانا شمیم اختر،مولانا محمد اعظم،مولاناحسن عباس،مولانا کونین رضا،مولانا حیات رضا ،ماسٹر شجاعت حسین،محمد عیان،حاجیشق حسین،حاجی ابن حسن،نورالحسن کربلائی،ماسٹر قیصر رضا سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .