اتوار 5 جون 2022 - 16:19
راہنمائے بشریت،شاہکار قدرت حضرت امام خمینی بلند پایہ شخصیت کے حامل تھے، علماء و افاضل

حوزہ/ مقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی نے ایرانی عوام سمیت دنیا بھر میں اسلامی رنگ بھر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جلال پور(امبیڈکرنگر)/ اسلامی انقلاب کے بانی روحانی پیشوا حضرت آیت اللہ العظمی روح اللہ موسوی خمینی علیہ الرحمہ کی ۳۳ویں برسی کے موقع پر اسلامک لرننگ مومنٹ (آئی ایل ایم) جلال پور کے زیر اہتمام جعفرآباد کے بڑے امام باڑے میں سینکڑوں مرد و زن پیر و جواں خورد و کلاں نے علماء کرام کی موجودگی میں حامی مستضعفین کی یاد میں تعزیتی پروگرام منعقد کیا۔

اس عظیم اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی جوانسال صاحب فکر مولانا سید حیدر عباس رضوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ حضرت امام خمینی نے اس دور میں اسلامی انقلاب کی داغ بیل ڈالی جب ایران میں لائسنسی طوائف موجود تھیں۔منشیات اور نشہ آور اشیاء کا حصول نہایت آسان تھا اور رقص و سرود کی محافل سجتی تھیں۔اسلامی انقلاب کی کامیابی نے ایرانی عوام سمیت دنیا بھر میں اسلامی رنگ بھر دیا۔

مولانا موصوف نے اضافہ کیا امام خمینی نے ہی مظلوم فلسطینی مسلمانوں سمیت عالم اسلام پر ہونے والے مظالم کے خلاف دنیائے اسلام کو بیدار کیا اور مسلم امت کو شعور عطا کرنا خمینی بت شکن کا ہی خاصہ تھا۔امام خمینی نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعہ مسلمانوں کو صحیح خطوط پر رہنمائی کر کے پیغمبرانہ فریضہ ادا کیا۔

معروف خطیب جناب مولانا سید نامدار عباس صاحب نے اپنے با بصیرت بیان میں کہا کہ بانی انقلاب حضرت امام خمینی اعلی مرتبہ فقیہ،مجتہد اعظم اور بلند پایہ شخصیت ہی نہیں بلکہ قابل تقلید سیاسی قائد، مثبت اور تعمیری سیاست کے بانی عالمی استعماری سازشوں کو بے نقاب کرنے والے؛امت مسلمہ کو داخلی اور خارجی دشمنوں کی شناخت کرانے والے اور دنیا کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر میدان میں ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی مثال پیش کرنے والے عظیم المرتبت انسان تھے۔

مولانا نامدار نے آگے کہا کہ امام خمینی نے طویل جلا وطنی کے باوجود ایرانی عوام کی تربیت اور رہنمائی اس انداز سے کی کہ اسے پر امن اور شعوری تحریک کے ذریعہ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا۔

اس پروگرام میں جناب رہبر سلطانی،مولانا نیر ذوالقرنین،مولانا حسن رضا کریمی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر حاجی علی رضا،حاجی حسن عباس،ماسٹر ابن حسن،ماسٹر شریف احمد،مولانا سہیل عباس ثالثی،مولانا میثم زاہدی،مولانا رمضان صابری،ماسٹر انصر اعجاز قائمی سمیت دسیوں علماء اور سینکڑوں افراد موجود رہے۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب کمیل عباس نے انجام دئیے۔اس تقریب کے آخر میں حاجی حسن عباس نے مہمان علماء سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔یہ تقریب جلال پور لائیو عزاداری یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا جسے ہزاروں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .