۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
کوئٹہ

حوزہ/ دارالایتام حضرت سکینہ بنت الحسین(س) کے احاطے میں امام جمعہ کوئٹہ و پرنسپل جامعہ امام صادق علامہ محمد جمعہ اسدی کے دست مبارک سے اہل بیت (ع) اسکول کا افتتاح ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دارالایتام حضرت سکینہ بنت الحسین(س) کے احاطے میں امام جمعہ کوئٹہ و پرنسپل جامعہ امام صادق علامہ محمد جمعہ اسدی کے دست مبارک سے اہل بیت (ع) اسکول کا افتتاح ہوا۔اس افتتاحی تقریب میں مولانا محمدی اور جناب مصطفی تیموری سمیت ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے علمائے کرام اور عمائدین نے بھی بھر پور شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا کہ قرآن کریم کا یہ واضح اعلان ہے کہ تعاونوا علی البر واتقوی. تقوی اور کار خیر میں تعاون کو قرآن کریم سراہتا ہے الحمد للہ ہزارہ ٹاون کے مومنین ہمیشہ کار ہائے خیر میں پیش پیش رہتے ہیں امید ہے کہ اس کار نیک میں بھی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پیش پیش رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام اسکول کی بلڈنگ کے تمام تر اخراجات کو ابو یوسف الجدی الکویتی اور ان کے دوستوں نے اپنے ذمہ لئے ہوئے ہیں، لیکن ہزارہ ٹاون کے مومنین بھی اس نیک کام سے وابستہ دیگر کاموں میں اپنا حصہ ڈال کر تعاونوا علی البر وتقوی کی فہرست میں اپنا نام شامل کرسکتے ہیں۔

علامہ جمعہ اسدی نے مزید کہا کہ ہزارہ ٹاون میں دارلایتام اپنی نوعیت کا منفرد کام تھا جو مقامی مومنین کے فکری تعاون سے ممکن ہوسکا اس دارالایتام کے احاطے میں اور بھی بہت سے کام ہیں ان شاء اللہ مستقبل میں انہیں بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، البتہ اسکول کی بنیاد ان تمام کاموں سے افضل تھی اس لئے سب سے پہلے اسکول کو ترجیح دی گئی، چونکہ مکتب اہل بیت علیہم السلام میں جتنا زور تعلیم پر دیا گیا ہے اتنا زور کسی دوسری چیز پر نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اہل بیت علیہم السلام اسکول ہزارہ ٹاون میں رہائش پزیر مومنین کی علمی ضروریات پوری کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

آخر میں انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سے میری دعا ہے کہ اہل بیت علیہم السلام اسکول کے اخراجات اٹھانے والے مومنین کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور ان کی عمر ودولت میں برکت عطا فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .