۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جامعہ سلمان فارسی

حوزہ / جامعہ سلمان فارسی مرکز القرآن میں دوران تعطیلات موسم گرما میں پندرہ روزہ دین شناسی شارٹ کورس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ سلمان فارسی مرکز القرآن میں دوران تعطیلات موسم گرما میں پندرہ روزہ دین شناسی شارٹ کورس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ جس میں شریک بچوں کو تجوید، عقائد، فقہ، احکام و اخلاقیات سمیت دیگر اہم موضوعات پر دروس دینے کے علاوہ ضروری مسائل شرعیہ کی عملی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ کورس کی شاندار و پروقار تقریب تقسیم اسناد و انعامات میں اسلام آباد ، راولپنڈی اور پورے ضلع اٹک سمیت مختلف علاقوں سے آنے والے 40 سے زائد طلباء اور ان کے والدین تحصیل اٹک کے پیش نماز و ائمہ جمعہ اسی طرح معززین اٹک، قومی و تنظیمی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر حجت الاسلام و المسلمین علامہ ڈاکٹر سید محمد نجفی صاحب، محترم سید ایوب بخاری صاحب اور حجت الاسلام و المسلمین مولانا محمد جاوید الحسینی نے خصوصی خطاب کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا نیامین مدبری ( امام جماعت جامع مسجد شین باغ) نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض جناب آقایان سید ضمیر بخاری و سید نزاکت حسین کربلائی نے انجام دئے۔

محترم جناب سید ایوب بخاری صاحب نے جامعہ کی تاریخ پر روشنی ڈالی (یاد رہے محترم ایوب بخاری نے ہی سن 1984 میں مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمی گلپائیگانی کے حکم پر خمس کی مد میں 12کنال زمین وقف کی تھی۔ جس میں محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمۃ اللہ علیہ نے جامعہ سلمان فارسی کی بنیاد رکھی تھی اور اس قدیمی درسگاہ کا افتتاح سن 1985ء میں قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ نے رکھا)۔

محترم ایوب بخاری صاحب نے جامعہ کے ترقی کے لیے دعا بھی کی اور اظہار مسرت بھی فرمایا۔ مولانا جاوید الحسینی صاحب نے 25 فروری سے آج تک جامعہ کے لیے پرنسپل جامعہ سلمان فارسی مولانا سید حسن رضا نقوی اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں اور ثمرات پر روشنی ڈالی۔

حجت الاسلام و المسلمین علامہ ڈاکٹر سید محمد نجفی صاحب نے علم اور علماء کی فضیلت پر مفصل روشنی ڈالی اور اس کے ساتھ ساتھ مومنین کو جامعہ سلمان فارسی کی طرف مزید متوجہ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا: ادارے مومنین کی توجہ سے ہی ترقی کرتے ہیں۔ جس طرح جامعہ سلمان فارسی نے الحمدللہ بہت کم وقت میں بہت زیادہ فعالیت انجام دی ہے اور آج مومنین کی تمام دینی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر وقت آمادہ ہے۔

آخر میں دین شناسی شارٹ کورس میں شرکت کرنے والے طلاب اور خصوصاً اول، دوئم اور سوئم پوزیشن لینے والے طلاب کو جامعہ کی طرف سے شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔

اسی طرح وہ حضرات جن کی کوششوں سے یہ سب ممکن ہوا، ان کی تشویق و قدردانی کے لیے ان کو بھی شلیڈ سے نوازا گیا۔ مولانا سید خیر علی شاہ صاحب، مولانا سید فرزند حسین شاہ، مولانا سید اسد نقوی، مولانا سید سبط حسن نقوی، مولانا سید ذوالفقار حسین نقوی، معززین اٹک محترم جناب سید وقار نقوی صاحب ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان اٹک، محترم سید ضمیر نقوی محترم تلاوت حسین شاہ صاحب نے طلباء کو اسناد و انعامات سے نوازا۔

یاد رہے حجت الاسلام مولانا محمد جاوید الحسینی صاحب، حجت الاسلام مولانا سید ذوالفقار علی شاہ صاحب اور جامعہ مدینۃ العلم اسلام آباد کے سینیئر طلاب مولانا آغا اسد عباس صاحب، مولانا آغا سید علی اصغر شیرازی اور خصوصاً جامعہ سلمان فارسی مرکز القرآن کے سیکرٹری جناب سید بشیر حسین نقوی کی شبانہ روز محنت نے اس کیمپ کی کامیابی میں موثر کردار ادا کیا ۔

دعا ہے اللہ تعالیٰ تمام معاونین و مخلصین کی کوششوں کو قبول فرمائے اور ان تمام دینی امور کی انجام دہی میں مزید توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .