حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۂ سلمان فارسی مرکز القرآن اٹک پاکستان کے سربراہ سید حسن رضا نقوی نے علامہ صفدر حسین نجفی کے یوم وفات کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی متعدد مدارس کے موئسس و بانی ہونے کے ساتھ متعدد کتابوں کے مؤلف تھے۔
انہوں نے مرحوم علامہ صفدر نجفی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ جامعة المنتظر اور اسی کی سرپرستی میں چلنے والے چالیس دینی مدارس جن کی بنیاد آپ نے رکھی ضلع اٹک کی قدیم دینی درسگاہ جامعۂ سلمان فارسی کی بنیاد بھی سرکار محسن ملت رح نے 1985ء میں رکھی تھی اسی طرح اہم ترین بنیادی کتابوں کے مصنف و مترجم بھی ہیں۔
سید حسن رضا نقوی نے کہا کہ مرحوم علامہ صفدر نجفی کی تالیف کردہ کتابوں میں سے معروف کتاب تفسیر نمونہ قرآن کا دائمی منشور، احسن مقال ہے اور اسی طرح متعدد کتابوں کے تراجم اور بعض کی تصنیف کرکے قوم ملت کے لیے عظیم کام کیا آپ نے اپنی پوری زندگی قوم مذہب کی خدمت میں گزاری۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم اپنے دور میں موجود تمام تنظیموں کی سرپرستی اور حتی قیادتوں کے انتخاب میں پیش پیش رہے۔ پروردگار عالم کی بارگاہ میں التجاء ہے کے اللہ تعالیٰ بحق چہاردہ معصومین علیہم السلام ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے مزار مبارک پر رحمتیں نازل فرمائے اور ہم سب کو ان کی سیرت پہ چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔