حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے زیارت اربعین کے لئے اپنے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے شعبہ مضیف کے سربراہ کے انتظامی معاون علاء عبدالحسین نے کہا، زیارت اربعین پر زائرین کی بہت بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر ہم نے صفر کے مہینے سے پہلے ہی تیاریاں شروع کر دی تھیں اور کھلی مقدار میں خشک اور منجمد کھانا تیار کرنا شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "غیر ملکی زائرین بھی اس مہینے کے اوائل میں کربلا پہنچنا شروع ہو جاتے ہیں جس کے لیے ضروری تھا کہ تیار شدہ پلان کے مطابق کام کیا جائے۔ اس لئے ہم نے ماہ صفر کی پانچویں تاریخ سے زائرین اربعین کے لئے اپنے اپنے بیرونی آؤٹ لیٹس کھول دیئےہیں اور ان آؤٹ لیٹس کے ذریعے ہر روز 15,000 سے زائد کھانے تقسیم کیے جائیں گے۔ لیکن زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ساتھ ہماری خدمات میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا اور روز اربعین ہم دسیوں ہزاروں زائرین کو کھانا فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ: ہم زائرین کرام کو نماز فجر کے بعد ناشتہ، نماز ظہرین کے بعد دوپہر کا کھانا اور نماز مغربین کے بعد رات کا کھانا پیش کر رہے ہیں اور ہم مختلف مقامات سے آئے ہوئے زائرین کے ذوق اور پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے کھانے بنا رہے ہیں۔ ہم زائرین امام حسین علیہ السلام کو تین اوقات کے کھانے کے علاوہ تبرکا چائے، مشروبات اور پانی بھی پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : کھانا تقسیم کرنے کا کام انتہائی منظم انداز میں کیا جا رہا ہے۔ مضیف کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے کھانے صرف زائرین تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ہم رضاکاروں اور سیکیورٹی فورسز کو بھی کھانا فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف اہل بیت (ع) کی ہر مناسبت اور خاص طور پرزیارت اربعین کے دوران کھانے کی خدمت کے میدان میں آنے والے تمام زائرین کے لئے ایک مخصوص اور معروف علامت بن گیا ہے۔ زیارت اربعین کے دوران لاکھوں زائرین کو اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے مضیف کا عملہ دن رات سرگرم عمل رہتا ہے۔