حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے معاشی حب کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈکل سینٹر میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جے پی ایم سی یونٹ کے زیر اہتمام سالانہ یوم حسینؑ کا انعقاد نجم الدین آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ یوم حسینؑ میں علامہ ریاض چوہری، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، مفتی فیصل عزیزی بندگی، علامہ محمد علی نقوی، ڈاکٹر سیدہ سارہ نوازش، جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شاہد رسول، مسجد سفینۃ النجات جے پی ایم سی کے پیش امام مولانا روح اللہ نے خطاب کیا، جبکہ شادمان رضا، عمار ہانی سمیت دیگر نوحہ خواں حضرات نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یوم حسینؑ میں طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ یوم حسینؑ کے دوران طلباء و طالبات نے بھی تقاریر کرتے ہوئے نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔
یوم حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ریاض چوہری نے کہا کہ فکر حسینؑ اس وقت تک سمجھ نہیں آ سکتی، جب تک فکر قرآن سمجھ میں نہ آئے، اگر قرآن کی فکر سمجھ میں آگئی تو فکر حسینؑ خودبخود سمجھ میں آجائے گی۔ جامعہ کراچی کی اسلامک فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے کہا کہ ہر دور میں حریت پسند مزاحمتی تحریکیں کربلا اور امام حسینؑ کے حماسی پہلو سے متاثر ہوئیں، ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف ڈٹ جانا ہو اور سر نہ جھکانا ہو، یہ تمام اسباق کربلا اور امام حسینؑ کے حماسی پہلو سے حاصل کئے، انتہائی مختصر مدت پر مبنی واقعہ کربلا کے اثرات تاقیامت تاریخ انسانی پر چھائے رہیں گے۔ اہلسنت عالم مفتی فیصل عزیزی بندگی نے کہا کہ ذکر شہادت امام حسیبنؑ کرنا ہی سنت نہیں بلکہ ذکر شہادت امام حسینؑ سننا بھی سنت رسولؐ ہے، کسی کی شہادت کی، کسی بھی سانحہ کی حدیث نبویؐ میں اتنی تفصیل نہیں آئی جتنی تفصیلات واقعہ کربلا کی آئی ہیں، واقعہ کربلا کوئی حادثہ نہیں بلکہ اسلام و کفر کی جنگ ہے۔
علامہ محمد علی نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے اپنے جملات آپ کی اپنی شخصیات کو بیان کرنے کیلئے کافی ہیں، اگر کوئی بھی انسان صرف انسان ہو تو وہ امام حسینؑ کی مخالفت کر ہی نہیں سکتا، بلکہ وہ امام حسینؑ اور انکی قربانیوں کو پہچان لے گا۔ ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کراچی کی ہیڈ آف انگلش پروگرام ڈاکٹر سیدہ سارہ نوازش نے کہا کہ جو بھی حریت پسند ہے، اعلیٰ انسانی اقدار پر یقین رکھتے ہیں، وہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کو اپنا رہبر اور رول ماڈل تسلیم کرتے ہیں۔ جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شاہد رسول نے یوم حسینؑ کے انعقاد کیلئے کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مسجد سفینۃ النجات جے پی ایم سی کے پیش امام مولانا روح اللہ نے دعائیہ کلمات کے ساتھ یوم حسینؑ کا اختتام کیا۔