حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق ، حضرت آیت اللہ جوادی آملی نے ایران کے شہر کاشان کے امام جمعہ اور نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی سے ملاقات کے دوران کہا: نماز جمعہ کے خطبوں میں پیش کئے جانے والا بہترین کلام اہل بیت علیہم السلام کی نورانی احادیث ہیں۔
انہوں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ "اگر ارادہ مضبوط ہو تو جسم بھی مضبوط ہو جاتا ہے"۔ اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ روح اصل ہے نہ کہ جسم۔ اس لیے اگر روح میں ہمت ہے تو جسم بھی اس کی مدد کرے گا۔
قرآن کریم کے اس مفسر نے اپنے امور میں ہمیشہ ثابت قدم رہنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: انسان کو چاہئے کہ وہ خدا سے ہمیشہ دین کی راہ پر ثابت قدم رہنے کی دعا مانگے تاکہ نہ دنیاوی واقعات اس کو پھسلائیں اور نہ ہی شیطان اسے دھوکا دے سکے۔
انہوں نے کہا: قرآن کریم بھی اس بات پر تاکید کرتا ہے کہ انسان کو اپنے ارادے پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔ ایک وقت آدمی اپنے تمام امور میں ثابت قدم رہتا ہے، اور ایک وقت میں کسی کام کو شروع کرنے سے پہلے اور نیت کے وقت اللہ تعالیٰ سے اس میں ثابت قدمی کی دعا مانگتا ہے۔ دوسرا طریقہ زیادہ ارزشمند ہے۔
انہوں نے مزید کہا: پیغمبر اسلام (ص) نے فرمایا کہ خدایا! ہماری روٹی میں برکت عطا فرما اور ہمارے اور اس میں جدائی نہ کر! کیونکہ اگر روٹی ہی نہ ہو گی تو ہم (بدن کی توانائی نہ ہونے کی وجہ سے) نماز نہیں پڑھ سکتے اور نہ ہی روزہ رکھ سکتے ہیں"۔ اس حدیث میں روٹی سے مراد معیشت اور اقتصاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم احادیث میں پڑھتے ہیں کہ غربت اور فقر سے زیادہ تکلیف دہ کوئی لعنت نہیں ہے، اور آج اس لعنت نے لوگوں کی کمر کو زخمی کر دیا ہے اور حکام کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کے آغاز میں حجۃ الاسلام و المسلمین حسینی نے کاشان میں اپنی سرگرمیوں، ائمہ جمعہ کی وضعیت اور حوزاتِ علمیہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی۔