حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق امریکی صدر اور ریپبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی مڈٹرم الیکشن کے لیے ووٹنگ کے دوران ووٹنگ مشینوں میں خرابی کا شبہ ظاہر کیا ہے، ٹرمپ نے ایریزونا، ڈیٹرائٹ، پنسلوانیا، نیو جرسی اور دیگر علاقوں میں انتخابات کے منصفانہ ہونے پر سوال اٹھایا اور میڈیا کو نشانہ بناتے ہوئے کہا: جعلی میڈیا ان مسائل کو نہیں اٹھاتا۔
رپورٹ کے مطابق ریاست ایریزونا کی مارکوپا کاؤنٹی میں انتخابی حکام نے بتایا کہ 223 پولنگ اسٹیشنوں میں تقریباً 20 فیصد ووٹنگ مشینوں نے ووٹوں کا اندراج نہیں کیا۔
تاہم امریکی مڈٹرم الیکشن میں حکمران جماعت ڈیموکریٹس ریپبلکن پارٹی سے پیچھے دکھائی دے رہی ہے۔ ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان میں کافی بہتر پوزیشن میں دکھائی دیتی ہے۔
154 سیٹوں پر برتری کے ساتھ ریپبلکن پارٹی کی اکثریت تقریباً یقینی سمجھی جا رہی ہے۔ 435 نشستوں کے ایوان میں اکثریت کے لیے کسی ایک جماعت کو 218 نشستیں درکار ہیں۔ جب کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکن پارٹی کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ ہے۔
سینیٹ میں اس وقت ڈیموکریٹس کے پاس 41 سیٹیں ہیں اور ریپبلکن 43 سیٹوں پر آگے ہیں۔ یہاں اکثریت کے لیے 50 سیٹیں درکار ہیں۔