۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آقا سید محمد فضل اللہ الموسوی

حوزه/ قم المقدسہ میں کشمیر کے مایہ ناز عالم دین مرحوم آقا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی 5ویں برسی کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں کشمیر کے مایہ ناز عالم دین مرحوم آقا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی 5ویں برسی کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید کرار ہاشمی نے مرحوم‌ سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بین الاقوامی مسلم اسکالر، مصلح، ماہر تعلیم، مبلغ، عالمی اہلبیت اسمبلی کے رکن، بڈگام کی شرعی عدالت کے جج اور یوسف میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین بھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم آغا سید محمد فضل اللہ عوامی لیڈر تھے۔ آپ کی مذہبی، ادبی، سماجی اور ثقافتی محاذوں پر خدمات قابل تحسین ہیں۔ مرحوم آقا صفوی نے کبھی بھی سیاست کی طاقت یا پیسے اور مادیت کی طاقت کے آگے سر نہیں جھکایا اور ان کی روحانی، سیاسی اور علمی شخصیت کے نمایاں ہونے کی وجہ ان کے تمام اعمال میں اخلاص تھا۔

سید کرار نے مزید کہا کہ مرحوم فضل اللہ نے کبھی کوئی ایسی متنازع بات نہیں کی جس سے شیعہ اور سنی یا کسی دوسرے مذہبی گروہ کے درمیان کوئی اختلاف پیدا ہو۔ انہوں نے بہت سے طلباء کو اسلامی علم و ادب کے زیور سے آراستہ کیا اور انہیں رضائے الٰہی اور قرب الٰہی کا وہ ابدی سرمایہ فراہم کیا جو مرنے کے بعد بھی باقی رہے گا۔

حوزه علمیه قم میں زیر تعلیم سید ہاشمی نے کہا کہ اس عظیم اور پرہیزگار شخص نے حق کی خاطر تمام واقعات پر اپنا وزن ڈال دیا اور ہمیشہ اسلام کا دفاع کیا اور پوری قوت کے ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے جدوجہد کی، لوگوں کے ساتھ بہت زیادہ محبت نے انہیں ایک ایسی شخصیت بنا دیا، جن کی گرمجوشی اور گفتار اور رفاقت کی یادیں، آج بھی ہمارے دل و دماغ میں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشحالی کیلئے ہمیں عوام کو تعلیم دینے اور دیگر چیزوں پر تعلیم کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ تعلیم اور معاشرتی ترقی کے بارے میں آقا مرحوم کا نظریہ بے مثال تھا اور ان کے ارادوں کی پاکیزگی اس حقیقت سے ظاہر ہوتی ہے کہ انہوں نے اپنے نام پر یا اپنے کسی رشتہ دار یا خاندان کے کسی فرد کے نام پر کوئی سکول نہیں کھولا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ تاریخ مرحوم آقا صفوی کو ایک عظیم اسلامی شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی، کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ہماری کمیونٹی کے پسماندہ لوگوں کی بہتری کیلئے مختلف محاذوں خصوصاً تعلیم کیلئے وقف کردی تھی۔ اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں ان کے مقام کو بلند فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .