حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاتون جنت خیر النسا ءالعالمین سیدہ فاطمۃ الزہرا ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے تمام جمعہ مراکز پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جن مقامات پر جشن میلاد سیدہ ؑ کے سلسلے میں محافل منعقد ہوئی ان میں مرکزی امام باڑہ بڈگام ، قدیمی امام باڑہ حسن آباد ،امام باڑہ یاگی پورہ ماگام ،آستان شریف چاڈورہ،امام باڑہ نوگام سوناواری ،امام باڑہ چھتر گام وغیرہ شامل ہیں۔
اس موقعہ پر ائمہ جمعہ نے حضرت فاطمہ الزہرا ؑ کی سیرت کردار و عمل اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ائمہ جمعہ نے جناب سیدہ ؑ کی شان و عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جناب سیدہ ؑ دنیاے بشریت کی برگزیدہ خواتین میں اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں جناب سیدہ ؑ تمام اولین و آخرین خواتین عالم کی سردار ہے جب کہ دیگر برگزیدہ خواتین صرف اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار تھیں پیغمبر اکرم ؐ متواتر اپنے قول و عمل سے جناب سیدہ ؑ کی شان او ر عظمت کو واضح کرتے رہے تاکہ مسلمان اس با برکت خاتون کے کردار عمل سے فیض پاکر صراط المستقیم پر گامزن رہ سکیں۔
جناب سیدہ ؑ کی ذات اقدس صنف نازک کے حقیقی مقام و مرتبے کی آئینہ دار ہے شہزادی کونین ؑ سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ خواتین ملت انفرادی اور اجتماعی زندگی کے ہر موڑ پر دین و شریعت کی پابندی اور پاسداری کریں اور افراد ملت شریعت میں خواتین کے لئے تفویض کئے گئے حقوق کی ادائیگی میں کوئی لیت و لعل نہ کریں علماے دین نے کہا کہ برگزیدہ دینی شخصیات کا تذکر و تفکر ایمان و عقیدے کا ایک لازمی جز اور سرتازگی کا بہترین ذریعہ ہے۔
اس موقعہ پر تنظیم کی طرف سے شایع المصطفیٰ کلینڈر برائے 2023 کی رسم رونمائی حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے انجام دی ۔
News ID: 387410
13 جنوری 2023 - 22:17
- پرنٹ
حوزہ/ ولادت با سعادت سیدہ فاطمۃ الزہرا ؑ کی مناسبت سے جمعہ مراکز پر انجمن شرعی شیعیان کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماے دین نے سیرت زہرا بیان کی تنظیم کی طرف سے شایع کلینڈر کی رسم رونمائی کی۔