حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاتون جنت سیدة النساء العالمین حضرت فاطمتہ الزہرا صلوات اللّٰہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت پر معاون کمیٹی تنظیم المکاتب زون بارہمولہ کی طرف سے مکتب امامیہ ہانجیویرہ پٹن، مکتب امامیہ علی آباد اڈینہ اور مکتب امامیہ وترگام واگورہ میں یوم مادر کی روح پرور تقاریب منعقد ہوئیں۔
ان تقاریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ہے اور اس کے فورًا بعد نعت رسول مقبولؐ ، منقبت و مداح سرائی سے تقریبِ ھٰذا کو پرکیف و ضیا ٕ و مزین کیا گیا ہے۔
طلباء و طالبات نے سیرت فاطمتہ الزھرا ٕ صلوات اللّٰہ علیھا کی عظمت پر ولولہ انگیز تقاریر سے سامعین کو محظوظ کیا ہے۔
تقاریب کے آخر پر معاون کمیٹی تنظیم المکاتب زون بارہمولہ کے مسئول حاجی میر تفضل حسین نے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ خاتون جنت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی عظیم اخلاقی اور معنوی درس کی حامل ہے، رسول خدا نے اپنی نور عین کو سیدۃ نساء العالمین قرار دیا ہے۔
شہزادی کونین علیھا السلام الہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں- آپ کی الہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ جب بھی بزم رسالت میں وارد ہوتی تو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ کا استقبال فرما تے اور شھزادۓ دو جہاں کو اپنی جگہ پر بٹھاتے۔
آج کے پر آشوب دور میں خواتین کو چاہٸے کہ وہ سیرت فاطمی کی حقیقت کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہوجاٸیں اسی میں ان کی کامیابی و کامرانی کا راز مضمر ہے۔