۱۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 30, 2024
افکار امام خمینی

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام امام خمینی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے امام بارگاہ ڈیرہ مراد جمالی میں بعنوان افکار امام خمینی ایک کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام امام خمینی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے امام بارگاہ ڈیرہ مراد جمالی میں بعنوان افکار امام خمینی ایک کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی تھے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ امام خمینی (رہ) ایک زندہ حقیقت ہے جو ہمیشہ رہے گی۔ عالم اسلام کے عظیم مفکر اور انقلاب اسلامی کے قائد، فلسفی، مربی، راہنما، رہبر، مظلوموں کے مسیحا، ظالموں کے لیے آہنی تلوار، طاغوت شکن، انسان کامل حضرت امام خمینی کو ہم سے بچھڑے ہوئے تقریباً 34 سال کا عرصہ ہو چکا ہے لیکن آج بھی امام خمینی (رہ) دنیا کے کروڑوں انسانوں کے دلوں میں اسی طرح زندہ و جاوید ہیں جس طرح وہ 34 برس قبل تھے۔ ان کی پاکیزہ روح آج بھی ہر ذی شعور انسان کے دل میں دھڑکن بن کر دھڑک رہی ہے جو امت مسلمہ کے لیے درد رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اسلام کو نئی زندگی دینے والی تحریک کے موجد امام خمینی (رہ) نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنی اسلامی حیثیت اور شخصیت کو دوبارہ حاصل کرنے کا سلیقہ سکھایا۔ یہ تحریک قومیت سے بالاتر اثر و رسوخ کی حامل ہے۔

ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں افکار امام خمینی (رہ) کنونشن کا انعقاد

علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے انقلاب اسلامی کے ذریعہ کروڑوں مستضعف انسانوں کو زندگی کی امید دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج انقلاب اسلامی کے آثار و برکات سرحد سے نکل کر مشرق وسطی میں سب سے بڑا سیاسی اور اسلامی تحریکوں کا محرک بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا: امام خمینی (رہ) کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو ایک بات بڑی واضح نظر آتی ہے کہ آپ کی پوری زندگی تعلیمات انبیاء و اوصیائے کرام اور اسلام و قرآن و اہلبیت علیہم السلام کے بتائے ہوئے بنیادی اصولوں کے گرد گھومتی ہے۔ آپ کی پوری زندگی کے حالات و واقعات اس قدر سخت اور مشکل گزرے ہیں کہ اگر کوئی عام انسان ان حالات سے گزرے تو شاید ایک دو روز میں ہی شکست خوردہ ہوجاتا لیکن یہ امام خمینی (رہ) کی ثابت قدمی اور اللہ پر ایمان کامل کا نتیجہ تھا کہ سخت سے سخت حالات کا آپ نے احسن طریقے سے مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔

ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں افکار امام خمینی (رہ) کنونشن کا انعقاد

ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر نے کہا: امام خمینی (رہ) کی شخصیت ایک ایسی روحانی اور کامل شخصیت تھی جنہوں نے اللہ پر اپنا یقین اس طرح سے کامل کر لیا تھا جیسے ایک مرد مومن کو کرنا چاہیے۔ امام خمینی (رہ) نے اپنی زندگی میں اس وقت کے تمام طاغوتی نظاموں کو چیلنج کیا اور اللہ پر کامل یقین رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد کا آغاز کر دیا۔

انہوں نے کہا: ایران میں شاہ کا زمانہ تھا، آپ کو متعدد مرتبہ مصائب و آلام کا نشانہ بنایا گیا، جلاوطن کیا گیا، سختیوں میں رکھا گیا لیکن آپ اپنے ہدف اور مقصد سے پیچھے نہ ہٹے، آپ نے اسلام کی سربلندی کی راہ میں ہر وہ قربانی پیش کی، جس کا آپ سے تقاضا کیا گیا اور بالآخر آپ کو ملک بدر کر دیا گیا۔پھر بھی آپ نے اپنی جدوجہد کو جاری رکھی اور بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ ہمیں اس مردعظیم کے افکار کوزندہ رکھنا ہو گا۔

قابل ذکر ہے کہ کنونشن میں ضلعی صدر سید مرتضیٰ شاہ، تحصیل صدر سید بہار شاہ، سید موجن شاہ و دیگر عہدیداران و کارکنان بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .